14 لاپتہ افراد کو رہا‘ 12 کو تربیتی مرکز منتقل کر دیا‘ وفاق‘ مکمل رپورٹ پیش کی جائے: پشاور ہائیکورٹ
پشاور (آئی این پی ) وفاقی حکومت نے کہا ہے صوبے بھر سے لاپتہ افراد میں سے14 افراد کو رہا کر دیا گیا جبکہ 12 افراد کو خصوصی تربیتی مرکز انٹرومنٹ سنٹر منتقل کر دیا ہے یہ انکشاف وفاقی حکومت کی جانب سے جمعرات کو پشاور ہائیکورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے صوبے بھر سے لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت کی تو وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو بتا یا گیا انٹرومنٹ سنٹر منتقل کئے گئے افراد کی خصوصی تربیت کی جائے گی اور انہیں تربیت کے بعد رہا کر دیا جائے گا ۔ اس موقع پر لاپتہ افراد کے عزیز و اقارب نے عدالت میں تصدیق کی ان کے پیارے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ دوست محمد خان نے کہا بد قسمتی سے ہمارے ملک میں کوئی بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا ہمیں چاہیئے دوسروں کی تکلیف ،دکھ درد کا احسا س کریں لیکن افسوس کوئی بھی اس پرعمل نہیں کرتا اور دوسروں کی مشکلات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا ۔ مزید براں لاپتہ افراد کے لواحقین نے پشاور ہائی کورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خواتین نے بھی شرکت کی اور لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے پیاروں کی تصا ویر تھیں مظاہرین نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ،چیف جسٹس آف پاکستان ،صدر پاکستان سے مطالبہ کیا ان کے پیارے کئی برسوںسے لاپتہ ہیں ان کو جلد بحفاظت بازیاب کرایا جائے ۔