بعض قوتیں افراتفری پھیلا کر انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہیں: اسلم بیگ
لاہور(اے پی اے)سابق آرمی چیف جنرل (ر)مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں ملک میں انتخابات نہیں چاہتیں اور یہ نادیدہ قوتیں افراتفری پھیلا کر انتخابات کا التوا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر فوج کو اپنا کردار کی ادائیگی سے نہیں روکا جاسکے گا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کی تحت انتخابات ملتوی کروانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو ٹارگٹ کرنے کا عمل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ نجم سیٹھی کے تقرر میں نوازشریف کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اےک انٹر وےو مےں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات ہونگے لیکن اس پر اثرانداز ہونے والے نہیں بچیں گے۔ پرویز مشرف کو آئین اور قانون کو فالو کرنا پڑے گا لیکن ان کی تذلیل اورتضحیک نہیں ہونی چاہیے ۔ پرویز مشرف کی تذلیل اس ایجنڈا کا حصہ ہے جس کے تحت انتخابات ملتوی کرانا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر عدالت کی اجازت سے حسین حقانی ملک سے جاسکتے ہیں تو جنرل مشرف کیوں نہیں جا سکتے۔ اسلم بیگ نے نگران حکومت کو بھی زرداری حکومت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کے درپے ہیں۔ الیکشن کمشن کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ یہ کہے کہ الیکشن میں مذہب کو نہ گھسیٹا جائے یہ سراسر نظریہ پاکستان کی توہین ہے۔اسلم بیگ نے مطالبہ کیا کہ نگرانوں کی نگرانی بھی ہونی چاہیے۔