مقبوضہ کشمیر: مجاہدین کا حملہ‘ 4 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک‘ یاسین ملک ساتھیوں سمیت گرفتار‘ حامیوں کا مظاہرہ
سرینگر (اے پی پی + اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین نے حملہ کرکے 4 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک کر دئیے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس امتیاز احمد نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا یہ حملہ سوپور میں کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میںدیگر رہنماﺅں کے ہمراہ اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کیلئے سوپور جا رہے تھے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک ، بشیر احمد ڈار، جاوید احمد میر، بشیر احمد بٹ، نور محمد کلوال ، شوکت احمد بخشی، محمد یاسین بٹ، شیخ رشید احمد اور دیگر کو گرفتار ی کے بعد میر گنڈ پولیس تھانے میں بند کر دیا گیا۔ یاسین ملک اور دیگرکی گرفتار ی کے خلاف پٹن میں لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔