اقتدار میں آ کر ایوانوں میں نہیں عوام کے درمیان ہوں گے: نوازشریف
جڑانوالہ ( نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ بعض لوگ شیر کا شکاری بننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے 11 مئی کو شیر کی کامیابی کا دن مقرر کیا ہے۔ شکاری چھپ چھپ کر شکار کرنے آیا ہے۔ جڑانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ دیکھ کر دلی خوشی ہو رہی ہے۔ یہ جذبہ ہمیشہ جیتنے والوں کا ہوتا ہے۔ پاکستان کو ایسے حکمران چاہئیں جن کو اقتدار نہیں عوام سے محبت ہو۔ مئی میں پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا ہم نے ضمیر کا سودا نہیں کیا، بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ہم نے 6 دھماکے کئے۔ ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر 5 ارب ڈالر کی امریکی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ امریکی صدر سے کہا کہ پاکستانی قوم خوددار اور غیور ہے، نواز شریف نے کہا کہ تیار کر لی ہے اور 11 مئی کے بعد ہماری حکومت آنے والی ہے۔ میں نے کرکٹ کھیلی اور اس کے ساتھ پاکستان کی خدمت بھی کی ہے۔ جڑانوالہ کا جلسہ نوجوانوں کا ہے۔ یہ لوگ کن نوجوانوں کی بات کرتے ہیں۔ جڑانوالہ کو ضلع بنانے کیلئے مسلم لیگ ن کو کامیاب کرنا ہو گا۔ ہمارے دور میں دہشت گردی، لوڈشیڈنگ نہیں تھی۔ ہماری حکومت چلنے دی جاتی تو پاکستان ترقی کرتا۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی، ہم بیروزگاری اور مہنگائی کی کمر توڑیں گے۔ بیروزگار نوجوانوں کو کاروبار کیلئے لاکھوں کے قرضے دینگے۔ نوجوانوں کے شانہ بشانہ ملک کی تعمیر و ترقی کرینگے۔ شہباز شریف نے 5 سال عوام کی خدمت کی۔ میرٹ پر کام کئے ہیں۔ حکومت ملی تو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھنا، اسلام آباد میں اقتدار کے ایوانوں میں نہیں بیٹھوں گا بلکہ اقتدار ملا تو میں اور شہباز شریف عوام کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑے ہونگے۔ عوام ووٹ اس نیت سے دیں کہ پاکستان کو مشکلات سے نجات دلانا ہے۔ مجھے اقتدار سے نہیں پاکستان سے محبت ہے۔ پاکستان کو مشکلات سے نکالنا آسان کام نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آج میں نے اس جلسے میں جو جوش و خروش دیکھا یہ معمولی جذبہ نہیں، یہ جیت کا جذبہ ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے یہ جذبہ جیتنے والوں کا ہوتا ہے۔ یہ شیروں کا جذبہ ہے اور شیر جیتے گا۔ شیر کی کامیابی مئی کے مہینے میں لکھ دی گئی ہے۔ میرے بھائی طلال چودھری، رائے حیدر علی خاں اور عفت معراج بہت پرعزم ہیں۔ انہیں ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ یہ سارا جلسہ نوجوانوں کا ہے، آج کل نوجوانوں کا نعرہ عام ہے، نوجوان غور سے سنیں انشاءاللہ، اللہ نے چاہا تو 11 مئی کے بعد ہماری حکومت ہو گی۔ جڑانوالہ کے نوجوان میری باتیں غور سے سنیں۔ نوجوان میرے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر کریں۔ ہم نے پاکستان کو پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔ نوجوانوں کو بھی پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔ بڑے بڑے لوگ اربوں کے قرضے لیتے ہیں، ہم نوجوانوں کو بینکوں سے لاکھوں روپے کے قرضے جاری کرینگے۔ انہیں موقع دینگے کہ وہ چھوٹی فیکٹریاں بنائیں، دکانیں بنائیں، کاروبار چلائیں۔ جو نوجوان زراعت کی مہارت رکھتے ہیں انہیں زراعت میں اپنے جوہر دکھانے کا موقعہ دینگے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے لیکن اکیسویں صدی کے باوجود بجلی نہیں ہے، سڑکیں ٹوٹی ہیں، کیا ایٹمی ملک ایسے ہوتے ہیں۔ نوجوان قسم کھائیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ ہمیں ایسا پاکستان نہیں چاہئے جہاں بجلی نہ ہو، بیروزگاری ہو، دہشت گردی ہو، غریب کو علاج معالجے کی سہولت نہ ہو۔ ہمیں ایسا پاکستان چاہئے جہاں لوڈشیڈنگ نہ ہو، بے روزگاری اور دہشت گردی نہ ہو، غریب کو علاج معالجے کی تمام سہولیات ملیں، جس کی عزت و آبرو اور خودمختاری کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھا جا سکے، جو غربت سے پاک ہو۔ ہم ایسا ہی پاکستان بنائیں گے اور منزل مقصود تک پہنچیں گے۔ ہمارے ساتھ مل کر چلیں۔ مجھے وزارت عظمیٰ پر بیٹھنے کا شوق اور لالچ نہیں۔ میں آیا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کو مضبوط تر بنائیں تاکہ ملک کو مسائل کل دلدل سے نکالا جا سکے۔ آپ نے ووٹ اس نیت سے نہیں دینا کہ نواز شریف وزیراعظم بن سکے بلکہ اس نیت سے دینا ہے کہ ہم ملک کو بچائیں گے۔ جڑانوالہ کے عوام میرے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ملک کو گرداب سے نکالیں گے۔ آپ وزیراعظم نواز شریف کا نعرہ لگا رہے ہیں، یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان کو اس مشکل سے نکالنا کوئی آسان کام نہیں۔اللہ تعالیٰ نے اس مئی میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی لکھ دی ہے۔ یہ مئی کا وہی مہینہ ہے جس میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا تھا۔ میں نے کلنٹن سے کہا کہ یہ قوم بڑی غیرت مند اور خوددار قوم ہے، آپ انہیں پانچ سو ارب ڈالر دیں پھر بھی ہم ایٹمی قوت بنیں گے۔ ہم نے کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ دوسرے روز ہی ہم نے 6 دھماکے کئے۔ پاکستان کو اس قسم کا وزیراعظم چاہئے اور ایسی ہی حکومت چاہئے۔ ہم نوجوانوں کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دینگے۔ یہ لوگ کن نوجوانوں کی بات کر رہے ہیں، کن نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں، نوجوان تو میرے سامنے کھڑے ہیں۔ یہ سارا جلسہ ہی نوجوانوں سے بھرا ہے۔ ہم نے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ نوجوان میرے ساتھ مل کر ملک کی تعمیر کریں۔ ہم نوجوانوں کو جن کے پاس ڈگریاں اور اور ہنر ہے، بے روزگار نہیں رہنے دینگے۔ انہیں چھوٹی فیکٹریاں، دکانیں بنانے اور زراعت کیلئے لاکھوں روپے کے قرضے دینگے۔ ہم نے جو کام کئے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ ہمارے دور میں کسی کو ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرا¿ت نہیں تھی۔ ملک اور ہلالی پرچم کی دنیا بھر میں عزت تھی۔ ہم نے ملک سے بیروزگاری ختم کرنی ہے۔ پنجاب میں ہماری حکومت مثالی تھی جہاں ہر کام صاف شفاف طریقے سے اور میرٹ پر ہو جس کی مثال نہ وفاقی حکومت اور نہ کوئی دوسرا صوبہ پیش کر سکتا ہے۔ نوازشریف دور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشت گردی نہیں تھی۔ بلوچستان اور کراچی میں امن تھا۔ ہماری کرنسی جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سے زیادہ قدر رکھتی تھی۔ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ملک بھر میں موٹروے کا جال بچھا ہوا ہوتا، لوڈشیڈنگ کا نام نشان نہ ہوتا۔ میں وزیراعظم بننے کیلئے ووٹ نہیں مانگ رہا۔ ملک کو اس کے پاﺅں پر کھڑا کرنے، عوام اور ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے آیا ہوں تاکہ آپ مسلم لیگ ن کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کریں۔ اللہ نے حکومت دی تو ہم اسلام آباد میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ ملک کے ہر کونے اور گاﺅں جائیں گے، لوگوں کی خدمت کرینگے۔