• news

صوابی : اے این پی کے جلسہ ‘ کوہاٹ‘ پشاور: انتخابی دفاتر کے قریب بم دھماکے‘11 جاں بحق ‘39 زخمی‘ کوئٹہ میں بم پھٹنے سے بچہ مارا گیا

کوہاٹ / پشاور / کوئٹہ (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) کوہاٹ اور پشاور میں انتخابی دفاتر کے قریب بم دھماکوں کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 34 افراد زخمی ہو گئے جبکہ کوئٹہ میں سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے آئی جی پولیس خیبر پی کے سے بم دھماکوں کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ صدر زرداری ¾ نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو نے دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو تمام امیدواروں کی سکیورٹی سخت کر نے کی ہدایت کر دی ہے۔ کوہاٹ میں این اے 39 سے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار سید نور اکبر اور کے پی 14اے این پی کی امیدوارخورشید بیگم کے دفتر کے قریب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تاہم آزاد امیدوار سید نور اکبر محفوظ رہے۔ دھماکے سے 5 گاڑیوں اور متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو پشاور اور مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ۔ ڈی ایس پی مشتاق حسین کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا جس میں 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ خودکش دھماکہ تھا۔ دوسری جانب پشاور میں چارسدہ روڈ پر مقصود آباد میں آزاد امیدوار ناصر خان کے انتخابی دفتر کے سامنے بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ¾ 12زخمی ہوگئے۔ ناصر خان خیبر پی کے اسمبلی کے حلقہ پی کے 8 سے امیدوار ہیں۔ دھماکہ خیز مواد سائیکل پر نصب تھا۔ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ ہنگو روڈ کو سیل کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف، شہبازشریف، الطاف حسین، عمران خان، اسفند یار ولی، نگران وزرائے اعلیٰ، گورنرز، مولانا فضل الرحمن، منور حسن، شجاعت حسین سمیت اور دیگر سیاسی ومذہبی رہنماﺅںنے دہشت گردانہ واقعات کی مذمت کی۔ نوازشریف نے کوہاٹ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے امیدوار اور سیاسی جماعتیں دہشت گردی کیخلاف متحد ہو جائیں، عوام انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اور حساس اداروں نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔ قمبرانی روڈ پر بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب تین بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیئے گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سریاب روڈ کوئٹہ کے علاقے فیض آباد میں دھماکہ ہوا ایس پی سریاب شیر بروہی نے کہا دھماکہ سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ہوا۔
صوابی +مٹیاری +کوٹری (نوائے وقت رپورٹ) اے این پی کے صوابی میں انتخابی جلسے میں بم دھماکہ ہوا جس میں 2افراد جاں بحق 5زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اے این پی کے پی کے 32 سے امیدوار امیرالرحمان کے جلسے میں دھماکہ ہوا۔ امیرالرحمن محفوظ رہے۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔ مزید برآں لنک روڈ مٹیاری پر مسلم لیگ فنکشنل کی ریلی پر فائرنگ کی گئی جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے بعدازاں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور دکانیں بند کرا دیں۔ کوٹری میں نامعلوم افراد نے مسلم لیگ ن کے انتخابی دفتر پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔ پولیس کے مطابق حملے میں مسلم لیگ (ن) کے 5کارکن زخمی ہوگئے۔کوٹری میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں مسلح تصادم سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ شہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر رینجرز طلب کرلی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن