• news

زرداری نے پیپلزپارٹی پر خودکش حملہ کیا‘ میاں صاحب باری کے منتظر ہی رہیں گے: عمران

لاہور (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی اور خوف کیوجہ سے کراچی کا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ ذاتی تنقید کا الزام لگانے والے بھول گئے ہیں کہ انہوں نے میری بیوی پر مسلمان ہونے کے باوجود یہودی ہونے کا الزام لگایا اس پر کیس چلائے اور باہر جانے پر مجبور کر دیاجبکہ اس کے باوجود میں صرف سیاسی تنقید کر رہاہوںآج تک ان کے گھروالوں پر تنقید نہیں کی کوئی ثابت کر دے کہ ایک روپیہ بھی یہودیوں سے لیا ہے تو ہمیشہ کےلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔ وہ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن منافق ہیں اور گھٹیا الزامات لگا رہے ہیں وکی لیکس کے مطابق مولانا فضل الرحمن امریکی سفارتکاروں کو یقین دلاتے رہے ہیں کہ انھیں وزیراعظم بنایا جائے وہ کچھ کروں گا جو دوسرے امریکہ کےلئے کر رہے ہیں پاکستان تحریک انصاف الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں سے کسی سے اتحاد نہیںکرے گی اور نہ ہی مجرم صدر سے حلف لے گی آئین میں یہ موجود ہے کہ صدر سے حلف لینا ضروری ہے تو یہ بھی موجود ہے کہ کوئی بھی مجرم صدر نہیں بن سکتا۔صدر کے 6ارب روپے سوئس بینکوں میں موجود ہیں دہشت گردوں سے اپیل کرتا ہوں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمپین کرنے دی جائے، 13دن رہ گئے ہیں، عوام تبدیلی کےلئے نکل رہی ہیں،فتح انشاءاللہ پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہو گی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اندر سے ایک ہیں ماضی میں دونوں پنجاب اور وفاق میں اتحادی رہے، مسلم لیگ (ن) نے این آر او کے معاملے پر سپریم کورٹ کی بجائے زرداری کا ساتھ دیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ مشرف نے تسلیم کر لیا ہے ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں بار بار کہتا رہا کہ یہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ آٹھ سال پہلے کہا کہ فوجی آپریشن کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور تمام تر معاملات صرف سیاسی طریقے سے حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسوں میں موسیقی کی بجائے قومی ترانے اور عوام کو جگانے کےلئے نغمہ گائے جاتے ہیں ۔نیوزرپورٹر کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت لاہور سے تحریک انصاف کے قومی و صوبائی کے امیدواروں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا انتخابی مہم کے آخری تین روز جی ٹی روڈ سے ملحقہ شہروں میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ عمران خان نے کہا انتخابی مہم میں عوام کی طرف سے بے مثال پذیرائی ملی ہے، ہمیں نفسیاتی برتری حاصل ہو چکی ہے، پارٹی امیدوار ڈور ٹو ڈور مہم مزید تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آخری 3دنوں میں جی ٹی روڈ پر شروع ہو نے والی انتخابی مہم پانسہ پلٹ دے گی اور انشاءاللہ ایسی ہوا چلے گی بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے۔ بعدازاں عمران خان نے لاہور کے ان پارٹی رہنماو¿ں سے بھی ملاقات کی جنہیں ٹکٹ نہیں مل سکے۔ وکلاءکے ایک وفد نے بھی عمران خان سے ملاقات کی۔
منڈی بہاﺅ الدین / حافظ آباد / سرگودھا (نامہ نگاران) پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمےن عمران خان نے کہا ہے پیپلز پارٹی پر بڑا ترس آتا ہے ، کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں زرداری، زرداری نے پیپلز پارٹی پر خودکش حملہ کردیا ہے ، کوئی جماعت نئے پاکستان کو بننے سے نہیں روک سکتی، میاں صاحب یہ پاکستانی قوم ہے بھےڑ بکریاں نہیں، میاں صاحب پےڈ باندھ کر پویلین مےں باری کے منتظر ہی رہےں گے ،بم دھماکوں کی مذمت کرتا ہوں ، صرف 13دن انتظار کرلےں ، نیا پاکستان بنانے کا خواب پور ا کردونگا، عدل و انصاف کا نظام لائےں گے، تھانوں اور پٹواری کے کلچر کے خاتمہ کردےں گے ، ممبران اسمبلی کی بجائے بلدیاتی نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز تقسیم کئے جائےں گے، وہ منڈی بہاﺅالدین، حافظ آباد، سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے نامہ نگار کے مطابق قائداعظم گراﺅنڈ منڈی بہاﺅ الدین میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ملک میں یکساں تعلیم کانظام لائیں گے جس میں امیراورغریب کے بچوں کیلئے ایک ہی نظام تعلیم ہوگا،غریب آدمی چوری کرکے چیل چلاجاتا ہے اورجو ڈاکے مارکرملک کاپیسہ باہرلے جاتاہے وہ اسمبلی میں ہوتاہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب چھٹی باری لینے کیلئے تیاربیٹھے ہیں لیکن وہ یادرکھیں یہ پاکستانی قوم ہے مومن ایک سوراخ سے ایک بارڈساجاتا ہے یہ پانچ مرتبہ ن لیگ کے اقتدارسے ڈسے گئے ہیں، اب ن لیگ کومایوسی کے سوا کچھ نہیںملے گا، انہوں نے کہا وہ بلٹ پروف شیشہ کے پیچھے کھڑے ہوکرتقریرنہیں کریں گے عوام میں سے ہیں اورعوام میں رہناچاہتے ہیں،انہوں نے کہا میاں جی کبھی توسچ بول لوکہ ساڑھے تین سال میں عمران خان نے زرداری کے ساتھ اتحادنہیں کیا تھا، پاکستان میں دنیاکے سب سے بڑے کوئلہ کے 180ارب ٹن کے ذخائرموجودہیں اوران ذخائرسے سعودی عرب، ایران اور عراق کے تیل کے تمام ذخائر سے زیادہ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے، یہاں پہاڑیوں سے نکلنے والے چشموں سے 50ہزارمیگاواٹ بجلی پیداہوسکتی ہے، زرخیز زمینیں سونا اگلتی ہیں لیکن پاکستان کی آدھی آبادی غربت کی لیکرسے نیچے زندگی بسرکررہی ہے، انہوں نے کہا عدل وانصاف کانظام چل سکتاہے لیکن ظلم کانظام نہیں چل سکتا، انہوں نے کہا عمران کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو قائداعظم کا نیا پاکستان ضرور بنائیں گے، ہم اپنی بیٹیوں کوتعلیم دیں گے اورانہیں وراثت میں حصہ لیکردیں گے، نوائے وقت نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا چوری پر غریب جیل جبکہ ڈاکے مار کر پیسہ باہر لے جانے والے اسمبلی میں پہنچ جاتے ہیں۔ مزید برآں میونسپل سٹیڈیم حافظ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا دُنیا کہ تاریخ میں وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس معاشرے میں عدل و انصاف ہو۔جب تک قانون کی بالادستی نہیں ہوتی کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے یہاں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔یہاں امیر اور غریب کےلئے الگ الگ قانون ہیں۔پاکستان میں کوئی غریب چوری کرے تو وہ جیل جاتا ہے لیکن بڑا ڈاکو اسمبلیوں میں پہنچ جاتا ہے۔ہمارے ملک میں جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ لوگ بڑے عہدوں اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھتے ہیں۔حافظ آباد کے سیاست دان کسی مغربی ملک میں ہوتے تو اب تک وہ جیلوں میں ہوتے۔ اُنہوں نے کہا 11مئی کو ہم ایک نیا پاکستان بنائیں گے ،ایک ایسا نظام لائیں گے جس کے تحت ملک میں صرف قانون کی بالادستی ہو گی۔جب نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی تو وہ روزگار کےلئے ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔پاکستانی سرزمین بہت زرخیز ہے ،یہاں پانی تیل،کوئلہ،تانبا، سونا سب کچھ موجود ہے ۔ان وسائل سے استفادہ کرکے ہم ملک میں خوشحالی کا ایک نیا باب شروع کر سکتے ہیں۔ہم ایسے قابل نوجوانوں کو آگے لائیں گے جو پاکستانی قوم کو امریکی غلامی سے آزاد کرا سکیں۔اُنہوں نے کہا بد قسمتی سے پاکستان میں ایسا کرپٹ اور سفارشی نظام رائج ہے جس کے تحت صرف خاندانی اور امیروں کے بچے ہی زندگی کے تمام شعبہ جات میں آگے آتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے کسانوں اور تاجر بھائیوں کی مدد کرے گی جب ہمارا کسان خوشحال ہو گا تب زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور ملک ترقی کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میںآ کر ساڑھے تےن سال مےںبجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرے گی۔کوئلے سے بجلی پیدا کریں گے جس سے بجلی کی قیمت بھی آدھی رہ جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو تعلیم کی بہتر سہولتیں فراہم کریں گے اور اُنہیں شریعت کے مطابق جائیداد میں حصہ دلائیں گے۔تحریک انصاف خواتین پر کوئی بھی ظلم نہیں ہونے دے گی۔جلسہ سے پی ٹی آئی کے امےدواراین اے 102چودھری ریاض احمد تارڑ، این اے 103اختر حسین بھٹی، پی پی 105ملک علی عباس اعوان، پی پی 106چودھری قاسم علی تارڑ، پی پی 107ثوبیہ بھٹی،ضلعی صدر چودھری امان اللہ سندھو اور سیکرٹری افضال احمد ہنجرا ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ سینئر نائب صدر ارشد تارڑ نے عمران خان کو تحفے میں ایک بھینس بھی دی۔ساہیوال/ سرگودھا سے محمد شفیق چوہدری سے کے مطابق سرگودھا کے سپورٹس سٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پنجاب کے شریف برادران نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی بجائے جنگلہ بس سروس پر اربوں روپے ضائع کردئیے اب جنون کا مفاد پرستوں سے مقابلہ ہے۔ ن لیگ والوں سے کہتا ہوں ڈرو کیونکہ ان کا برا وقت آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کرکٹ میں صرف دو بار باریاں لی جاتی ہیں شریف برادران پانچ پانچ باریاں لے کر اب چھٹی باری کے امیدوار ہیں تحریک انصاف کا جنون انہیں چھٹی باری نہیں لینے دے گا انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی عوام سے جھوٹ نہیں بولا جو کہا سچ کر دکھایا جبکہ شریف برادران نے سعودی عرب جانے کا مشرف سے معاہدہ کیا اس پر قوم سے جھوٹ بولا جب کاغذ سامنے آگئے تو کہا معاہدہ دس سال کا نہیں پانچ سال کا تھا انہوں نے کہا میں مر جاﺅں گا جھوٹ نہیں بولوں گا۔ انہوں نے کہا قرض اتارو ملک سنوارو کے نام پر رقوم بٹوری گئی نہ قرضہ اترا اور نہ ہی ملک کو سنوارا جا سکا۔ میں ملک میں یکساں تعلیمی نظام رائج کروں گا سرکاری سکول کا بچہ بھی وزیر اعظم بن سکے گا۔تعلیم کا بجٹ پانچ گنا بڑھا دیا جائے گا امیروں اور غریبوں کا نصاب ایک ہو گا عدل وانصاف کا ماحول قائم کریں گے بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان بلایا جائے گا۔ انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا جب پنجاب کے عوام لوڈ شیڈنگ کے باعث تڑپ رہے تھے تو شہباز شریف مینار پاکستان پر بیٹھے پنکھے جھول رہے تھے اٹھارویں ترمیم کے آرٹیکل 198 نے شہباز شریف کو بجلی بنانے کا اختیار دیا بجلی بنانے کی بجائے یہ رقم جنگلہ بس پر کیوں خرچ کی۔ انہوں نے صدر زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پر خود کش حملہ کیا ہے اور پیپلز پارٹی کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انہوں نے شاہینوں کے شہر سرگودھا کے حوالے سے پاک فوج کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے لیکن حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ہم اپنے ملک میں امریکہ کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن ہم ملک کو امریکہ کی جنگ سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا میں سترہ سال سے میچ کی تیاری کر رہا ہوں اب کرپٹ ٹولے کے خلاف فائنل میچ کا وقت آگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن