• news

کراچی ‘کوہاٹ‘ پشاور میں دھماکوں کی ذمہ داری قبول‘ مسلم لیگ ن‘ تحریک انصاف ‘ جے یو آئی (ف) جماعت اسلامی کو نشانہ نہیں بنائیں گے: تحریک طالبان

اسلام آباد + کراچی (نیوز ایجنسیاں) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کوہاٹ، پشاور اور کراچی میں دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انتخابات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علماءاسلام (ف) اور جماعت اسلامی کو نشانہ نہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان تین جماعتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو سیکولر جماعتیں ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ دور حکومت میں قبائلی علاقوں میں طالبان کے خلاف کارروائیوں کی حمایت کی تھی جبکہ طالبان کی مجلس شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایم ایل (این)، پی ٹی آئی، جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی جیسی جماعتوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ کالعدم تحریک طالبان نے کراچی، کوہاٹ اور پشاور میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی۔ احسان اللہ احسان نے مزید کہا کہ اس وقت سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کا طالبان شورٰی کا فیصلہ صرف سابق حکمران جماعتوں تک محدود ہے ¾ ساتھ ہی جو امیدوار انتخابی عمل کا حصہ بن رہے ہیں ان کو نشانہ بنایا جائے گا۔ جب ان سے آزاد امیدواروں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں پوچھا گیا تو احسان نے کہا کہ یہ امیدوار سیکولر، جمہوری اور غیر اسلامی نظام کا حصہ ہیں اس لئے انہیں بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر حملہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ طالبان شوریٰ کرتی ہے۔ علاوہ ازیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کراچی میں شہریوں کو انتباہی پمفلٹ تقسیم کئے گئے ہیں جس میں انہیں ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی کی انتخابی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی، نیو میانوالی کالونی اور اطراف میں اتوار کی سہ پہر نامعلوم افراد کی جانب سے دکانداروں اور راہگیروں میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔ انتباہ کے عنوان سے جاری کئے گئے پمفلٹ میں تحریر کیا گیا ہے کہ عالمی طاغوتی اور شیطانی قوتوں نے اسلام کے ساتھ صلیبی جنگ کا آغاز کیا ہوا ہے۔ مجاہدین اسلام ہر محاذ پر ان کے ظلم وستم اور بربریت کے خلاف چٹان بن کر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ پمفلٹ میں تحریر کیا گیا ہے کہ مسلمان بھائیو تحریک طالبان پاکستان نے اس ملک میں الیکشن کے حوالے سے واضح پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ اپنے آپ کو منافقین اور مرتدین کے جلسوں اور دیگر پروگراموں سے دور رکھیں۔

ای پیپر-دی نیشن