• news

پی پی پی کے رہنما شاہد ظفر کی نواز شریف سے ملاقات، مسلم لیگ ن میں غیر مشروط شمولیت اختیار کر رہا ہوں:شاہد

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) سابق وزیر مملکت، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ شاہد ظفر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے 45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پوٹھوہار میں انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا۔ راجہ شاہد ظفر نے کہا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی سے 46 سال کی وابستگی سوچ بچار کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب تک محترمہ بے نظیر بھٹو زندہ تھیں پارٹی میں دیرینہ کارکنوں کو عزت و توقیر دی جاتی تھی، میں نے مشکل وقت میں پارٹی کو نہیں چھوڑا لیکن اب سمجھتا ہوں جس پارٹی میں پرانے کارکنوں کیلئے کوئی عزت و توقیر نہیں اسے چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔ میں غیر مشروط طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔ پارٹی ٹکٹ کا طلب گار نہیں، صرف عزت و توقیر کا طالب ہوں جو پارٹی اپنے پرانے کارکنوں کو نہ دے سکی۔ نواز شریف نے کہا کہ راجہ شاہد ظفر جیسی شخصیات کسی پارٹی کیلئے سرمایہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ راجہ محمد ظفر الحق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے پوٹھوہار میں مسلم لیگ (ن) مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) راجہ شاہد ظفر کی صلاحیتوں سے استفادہ کرے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن