• news

الیکشن ملتوی ہوئے تو افراتفری بڑھے گی، خونیں انقلاب آئیگا: اسلم بیگ

لاہور (سید شعیب الدین سے) پاک فوج کے سابق سربراہ مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت پاکستان کو سیکولر ریاست بنانا چاہ رہے ہیں۔ الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، ملتوی ہونے کی صورت میں افراتفری بڑھے گی، خونی انقلاب آئے گا۔ جو ”لوگ“ پاکستان کے سکیورٹی اداروں سے پہلے ہی حالت جنگ میں ہیں، انہوں نے سیکولر جماعتوں کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی کوآصف زرداری نے آج اس مقام پر پہنچا دیا ہے کہ زرداری، بلاول تو دور کی بات، ان کی جماعت کے کسی بھی لیڈر میں انتخابی مہم چلانے کی ہمت نہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا کہ اس وقت ملک میں جوحالات ہیں یہ صرف انتخابات کی صورت میں ہی ختم ہوں گے۔ 5 برس تک 3 صوبوں اور مرکز میں سیکولر حکومتیں تھیں اب ہر طرف کوشش ہے کہ پنجاب میں بھی سیکولر حکومت کی راہ ہموار کی جائے۔ پہلے طاہر القادری پھرپرویزمشرف کو لایا گیا، فوج کو ٹارگٹ کیا گیا اور اکسایا گیا تاکہ وہ شب خون مارے۔ امریکہ اور روشن خیال، لبرل پاکستانی بھی ان کوششوں میں شامل ہیں۔ ترکی کو سیکولر بنانے کی 85 سالہ کوششیں بھی الیکشن ہونے سے ختم ہوگئی تھیں۔ اگر ہمارے ہاں الیکشن نہ ہوا توانڈونیشیا جیسے حالات پیدا ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن