سمن آباد میں فائرنگ، کئی مقدمات میں ملوث شوروم مالک دوست سمیت قتل
لاہور (نامہ نگار) سمن آباد کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ڈکیتی، قبضے و دیگر جرائم کے درجنوں مقدمات میں ملوث میاں کاشف عرف کاشی کالا اور اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات میاں کاشف عرف کالا اپنے دوست فیضان کے ہمراہ گاڑی پر اپنے گھر سمن آباد میں دوسرے گول چکر کے قریب غلام نبی کالونی آ رہا تھا۔ جب اس نے اپنے گھر کی گلی میں گاڑی موڑی تو وہاں گھات لگائے موٹر سائیکل سوار افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کاشف عرف کالا اور فیضان موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک راہگیر اکبر زخمی ہو گیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمی و مقتولین کو ہسپتال پہنچایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق میاں کاشف عرف کالا سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا۔ اس پر ڈکیتی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے اور وہ آجکل پراپرٹی کے کاروبار کے علاوہ سمن آباد میں گاڑیوں کا شوروم کرتا تھا۔ مقتول کی سٹوڈنٹ لیڈر رانا امتیاز سے دشمنی رہی تھی اور اس پر قتل کا مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کی صلح ایک ایس پی نے کرائی تھی اور اب انکے درمیان اچھا خاصا میل جول تھا جبکہ میاں کاشف کی اپنے ایک ریکارڈ یافتہ دوست عامر عرف آمو سے بھی پلاٹ کی فروخت کا تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ بھی متعدد افراد سے کاشف کی دشمنی چلی آ رہی تھی جبکہ کاشف کا ایک بھائی بھی پہلے قتل ہو چکا ہے۔ ڈی ایس پی سمن آباد کے مطابق مقتولین کے ورثاءکی جانب سے درخواست موصول ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ مقتول کاشف نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ چار بچے جبکہ فیضان نے بیوہ کے علاوہ دو بچے چھوڑے ہیں۔ پولیس نے دونوں لاشیں مردہ خانے جمع کرا دیں۔