عوام جمہوریت مخالف قوتوں کو مسترد کردیں: بلاول
نوڈیرو (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام جمہوریت مخالف قوتوں کو مسترد کریں۔ عوام ان قوتوں کو مسترد کردیں جو عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کو سبوتاژ کرتے ہیں۔ حالیہ بم دھماکوں میں بے گناہ افراد کی ہلاکت پر تشویش ہے۔ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، بلاول ہاﺅس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ان مذموم کارروائیوں میں ناحق انسانوں کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر جمہوی قوتوں کو یکسر مسترد کر دیں جو کہ ملک کی روشن خیال قوتوں غیر قانون ہتھکنڈوں کے ذریعے یرغمال بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔