حافظ آباد: سب انسپکٹر کی پولیس وین پر فائرنگ، ڈکیتی کے ملزم بھانجے کو چھڑا لیا
حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) سب انسپکٹر نے اپنے چار مسلح ساتھیوں سمیت پولیس وین پر فائرنگ کر کے چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث اپنے بھانجے ملزم کو چھڑا لیا اور فرار ہو گئے۔ نواحی گاو¿ں مانگٹ اونچا کے رہائشی پولیس سب انسپکٹر رانا لیاقت علی کے بھانجے ذوالفقار علی نے اپنے ساتھیوں عاطف، کاشف، قیصر ہمایوں کے ہمراہ نوشہرہ روڈ پر سریے اور لوہے کے سامان سے لدے ٹرالے کو گن پوائنٹ پر چھین لیا اور اُسے سرگودھا میں لے جا کر فروخت کر دیا۔ پولیس تھانہ کسوکی نے ملزم ذوالفقار علی کو چند روز قبل گرفتار کیا۔ پولیس اُسے دیگر ملزمان کی گرفتار کے لئے نواحی گاو¿ں جندراکہ لے جا رہی تھی کہ ملزم کے ماموں سب انسپکٹر رانا لیاقت علی نے اپنے دو بیٹوں محمد زمان ،عدنان احمد اور قیصر ہمایوں کے ہمراہ پولیس موبائل پر فائرنگ کر کے پولیس حراست سے چھڑا لیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ کسوکی نے سب انسپکٹر رانا لیاقت علی سمیت چار افراد ذوالفقار، محمد زمان، عدنان احمد اور قیصر ہمایوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔