شریف برادران نے 140 ارب روپے جعلی سکیموں پر ضائع کر دئیے، ایک بھی پاور پلانٹ نہ لگایا، پرویز الٰہی
گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہم نے ہر حال میں عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا عوام کوچاہئے کہ وہ ووٹ کی پرچی پر مہر لگاتے ہوئے ہمارے کام دیکھ کر فیصلہ کریں۔ یونین کونسل کوٹ نکہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائیکل قابل اعتماد اور غریب کی سواری ہے جانور کا کیا بھروسہ کب کس کے گلے پڑ جائے ہم نے ماضی میں بھی اپنا ہر وعدہ پورا کیا اور انشاءاللہ آئندہ بھی کریں گے۔ وعدہ خلاف ڈرامہ باز اب پھر عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے موٹر وے اور وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال بند کرکے ثابت کر دیا کہ اسے اہل گجرات کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی بحران کے اصل ذمہ دار نواز اور شہباز شریف ہیں جنہوں نے وفاق کی اجازت کے باوجود ایک بھی پاور پلانٹ نہیں لگایا اور 140 ارب روپے جعلی سکیموں پر ضائع کردئیے، شہباز شریف وزیراعلی ہو کر توانائی بحران کے خلاف اپنی ہی حکومت میں احتجاج کرتے رہے یہ ڈرامے بازی اب نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ حکومت میں ہم سب سے پہلے گجرات، سیالکوٹ، لاہور موٹر وے اور اس پر قائم ہونیوالی دونوں یونیورسٹیاں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں مہنگائی، جرائم، لاقانونیت، غربت انتہا تک پہنچی پانچ سال پنجاب پرحکومت کرنے والے شریف برادران بجلی کیا عوام کا کوئی بھی مسئلہ حل نہیں کرسکے اب پھر عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم نے الیکشن میں مخلص ساتھیوں کو ٹکٹ دئیے ہیں جنہیں نواز، شہباز شریف نہیں بہکا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اپنی جلاوطنی کا بدلہ پنجاب کو 500 ارب کا مقروض بنا کر لیا۔