• news
  • image

کراچی میں پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائے، 4 سیاسی جماعتوں کا مطالبہ


کراچی (نوائے وقت نیوز) مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جے یو پی نے مطالبہ کیا ہے کراچی میں پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیا، جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی، جے یو آئی (ف) کے قاری عثمان اور جے یو پی کے اویس نورانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سلیم ضیا نے کہا کراچی میں پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی تعیناتی ضروری ہے، شہر کے تمام پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ڈیفنس میں انتظامیہ سیاسی جماعتوں کو بینرز لگانے کی اجازت نہیں دے رہی، الیکشن کمشن اسے بینرز لگانے کی اجازت دینے کا کہے۔ قاری عثمان نے کہا صاف اور شفاف انتظامات کئے جائیں۔ سلیم ضیا نے کہا پاکستان میں انتخابات آئینی ضرورت کے تحت ہو رہے ہیں۔ مختلف حلقوں میں انتخابی جلسوں کی اجازت دی جائے۔ امیر جے یو آئی (ف) قاری عثمان نے کہا صاف اور شفاف انتخابات کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ انتخابات کے دن کراچی میں فوج تعینات کی جائے۔ جے یو پی کے شاہ اویس نورانی نے کہا پورا شہر ریڈ زون بن چکا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے کہا نگران حکومت اور الیکشن کمشن امیدواروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔
کراچی / فوج

epaper

ای پیپر-دی نیشن