انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے، امن و امان کے حوالے سے خدشات ہیں: نجم سیٹھی
لاہور (ثناءنیوز) پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ انتخابات کے التواءکا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حالات کیسے بھی ہوں، انتخابات مقررہ وقت پر اور ضرور ہوں گے۔ کوئی انتخابی عمل میں رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ سول سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے رابطے میں ہوں اور یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ کسی جماعت نے اپنی پسند کا افسر لگانے کے لئے نہیں کہا۔ مجھ پر انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے جو اعتماد کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے خدشات موجود ہیں تاہم ہم نے تیاری مکمل کی ہوئی ہے۔ انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عام انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کے حوالے سے علیحدہ پلان تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے 2 لاکھ پولیس افسر و اہلکار متعین کئے گئے ہیں۔ پولنگ کے دن ایک لاکھ مزید عارضی طور پر افراد فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ فوج کی مدد حاصل کرنے کے لئے بھی بات چیت جاری ہے ۔ پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے جدید نظام تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کو بھی اس نظام کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے دنیا کا جدید ترین الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا ہے جس کے ذریعے پورے انتخابی عمل کو مانیٹر کیا جائے گا۔ عام انتخابات کے منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سول سیکرٹریٹ میں پنجاب الیکشن مانیٹرنگ سینٹر قائم کر دیا ہے جو یکم مئی سے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ الیکشن کی مانیٹرنگ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے متعلقہ عملے کو سمارٹ فون فراہم کئے گئے ہیں اور شہریوں کی سہولت کے لئے ہاٹ لائن 8070 قائم کی گئی ہے جس کے ذریعے شہری انتخابی عمل میں کسی بھی بے قاعدگی، الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور انتخابات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت درج کرا سکے گا۔ اگر کسی شکایت پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو الیکشن مانیٹرنگ سینٹر کی مدد سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مانیٹرنگ سینٹر میں میڈیا کو بھی رسائی دی گئی ہے اگر کوئی مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لینا چاہے تو ڈی جی پی آر اس ضمن میں انہیں سہولت فراہم کرے گا۔
نجم سیٹھی