• news
  • image

ملک میں حقیقی تبدیلی مسلم لیگ ن ہی لائے گی: مریم نواز


لاہور (وقت نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی مسلم لیگ ن ہی لائے گی۔ مسلم لیگ ن ہی ایسی جماعت ہے جو ملک کو اندھیروں سے نجات دلائے گی۔ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو شہبازشریف پانی و بجلی کے وزیر ہوں گے اور ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیا جائے گا۔ وقت نیوز کے پروگرام ”ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس“ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کے خلاف ہوں، ن لیگ میں ہمیشہ سے الیکشن ہوتے آئے ہیں اور ہوتے رہیں گے ن لیگ ایک جمہوری پارٹی ہے ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جاتا ہے ہم اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں، پاکستان میں جمہوریت طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ تحریک انصاف بدتمیزی کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔ عمران خان معاشرے میں انتشار پھیلا رہے ہیں ہم نے ہمیشہ صبر کا مظاہرہ کیا کیونکہ ہم رکھ رکھاو¿ کی سیاست کرنے والے لوگ ہیں جو لوگ اخلاق سے گری حرکتیں کر رہے ہیں وہ خود کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ مخالفین کو فائدہ ہوتا ہے مسلم لیگ ن کے ووٹرز اخلاق سے گری حرکتوں سے اشتعال میں ہیں جبکہ ان کے اپنے ووٹرز بھی متنفر ہو رہے ہیں۔ میاں صاحب نے اخلاق سے گری زبان کا کبھی جواب نہیں دیا۔ ن لیگ کا ووٹ بنک بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مسلم لیگ ق اور پی پی یک زبان ہو کر مسلم لیگ ن کے خلاف کام کر رہے ہیں تاکہ ن لیگ کو نقصان پہنچا سکیں۔ شہبازشریف نے ٹھیک کہا کہ پی پی اور عمران کی سکرپٹ لکھنے والا ایک ہی ہے دونوں کا مقصد ن لیگ اور نوازشریف کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی کی 5 سالہ کارکردگی بہت بُری ہے جس سے پی پی کا ووٹ بنک متاثر ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کی خواہش تھی کہ پی پی پرفارم کرے اس لئے ان کی سپورٹ بھی کی۔ مسلم لیگ پرفارمنس کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہی ہے ہم الزامات کی نہیں بلکہ خدمت کرنے پر یقین رکھنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں ن لیگ کی خاموش ورکر ہوں میرے کام کرنے کا مقصد ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ میری سوچ لبرل نہیں سماجی، مذہبی روایات پر یقین رکھتی ہوں۔ ملکی ترقی میں عورت کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت ہے جو ملکی آبادی کا 52 فیصد ہیں جبکہ مردوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ شعور بڑھے۔ ن لیگ میں ایسی عورتوں کی بڑی تعداد ہے جو بہت لائق اور محنتی ہونے کے علاوہ قائدانہ صلاحیتیں رکھتی ہیں عورت کو اپنی عزت کا خود خیال رکھنا چاہیے ۔ میں اس تاثر کو ختم کرنے آئی ہوں کہ ن لیگ خواتین کو آگے نہیں آنے دیتی۔ ایک سوال پر مریم نوازشریف نے کہا کہ میں نے بچپن سے اقتدار دیکھا ہے اس لئے اقتدار کی خواہش نہیں۔ بے نظیر بھٹو کو آئیڈیالائیز کرتی ہوں بے نظیر کی موت پر ہمارے گھر میں سوگ کا سماں تھا۔ بے نظیر نے بڑی طویل جدوجہد کی چارٹر آف ڈیمو کریسی پر سائن ہونے سے پہلے جدہ میں ان سے ملاقات ہوئی وہ عمرہ کرنے آئی تھیں ان کی شخصیت متاثر کن تھی ان کی موت صرف پی پی کا نہیں پورے پاکستان کا نقصان ہے۔ خواتین کا ترقی کرنا بہت آسان کام نہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ پرویز مشرف نے ہمارے ساتھ جو کچھ بھی کیا آج پرویز مشرف قانون اور قدرت دونوں کے شکنجے میں آ چکا ہے ہمارے دادا کی موت قید تنہائی کی زندگی میں گزارتے ہوئے ہوئی۔ شریف خاندان میرے دادا میاں شریف کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مقابلے پر ڈاکٹر یاسمین راشد کمزور امیدوار ہیں۔
مریم نواز

epaper

ای پیپر-دی نیشن