”دہشت گردی کی مذمت نہ کرنا مسلم لیگی قیادت کی ملی بھگت کا ثبوت ہے“
لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ ن کی قیادت کی طرف سے دہشت گردوں کی مذمت نہ کرنا ان کی دہشت گردوں سے ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیزالرحمان چن، طارق گجر، سیکرٹری اطلاعات راجہ عامر نے کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے 5 سال جس طرح دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی اور ان سے ”مفاہمت“ کی پالیسی پر عمل پیرا رہے اس کا نتیجہ اب پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔ کراچی میں سیاسی جماعتوں کے آپس میں ٹکراﺅ کا شور مچایا گیا مگر اب ثابت ہو گیا ہے کہ روشنیوں کے شہر میں آگ دہشت گردی نے بھڑکا رکھی تھی۔ بے نظیر بھٹو نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنی جان دی۔ اب ہم یہ جنگ جاری رکھیں گے۔