• news

پولیو مہم کا چوتھا مرحلہ: 7 لاکھ خاندانوں کا بچوں کوقطرے پلانے سے انکار

اسلام آباد (اے پی اے) عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے چوتھے مرحلے کے دوران اٹھارہ لاکھ بچوں کو ویکسین نہیں پلائی جا سکی جبکہ سات لاکھ خاندانوں نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے چوتھے مرحلے کی تکمیل کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر الیاس ڈوری نے فروری سے اپریل کے دوران ہونے والی انسداد پولیو مہم سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران خطرات کے باوجود پولیو ورکرز بھرپور انداز میں کام کرتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک تین کروڑ 26 لاکھ ایک ہزار 876 بچوں کو پولیو کی ویکسین پلائی گئی جبکہ اٹھارہ لاکھ 34 ہزار 625 بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہے۔ خیبر پی کے میں سات لاکھ 63 ہزار 714 ، فاٹا میں چھے لاکھ 21 ہزار 724 ، سندھ میں تین لاکھ 96 ہزار 925 ، پنجاب دو ہزار 204 جبکہ اسلام آباد میں ایک ہزار 435 بچوں کو پولیو ویکسین نہیں پلائی جا سکی۔ پولیو مہم کے دوران چھے لاکھ 99 ہزار 926 خاندانوں نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الیاس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت پولیو ویکسینز کی حفاظت سے متعلق کولڈ چین سسٹم سے مطمئن ہیں۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سیکورٹی خطرات کے باوجود پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن