بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے: صدر آزاد کشمیر
باغ (ثناءنیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جس کی 7 لاکھ سے زائد مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں کوئی بھی ٹریننگ کیمپ نہیں ہے۔ کشمیریوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کی شمع کو جلا رکھا ہے۔ عالمی برادری بھارت کے منفی اور جارحانہ عزائم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں شیفلڈ کالج کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت سردار قمرالزمان، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ ڈاکٹر شاہجہان، پرنسپل شیفلڈ کالج ڈاکٹر عاصم، سردار شعیب نے بھی خطاب کیا۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم سب سے بڑا محکمہ ہے اور ہمارے بجٹ کا بڑا حصہ اس پر خرچ ہوتا ہے اور ہماری تعلیمی پالیسی بھی یہی ہے کہ تعلیم کو عام کیا جائے۔ مختصر عرصہ میں آزاد حکومت نے یہاں پر میڈیکل کالجز اور باغ میں وویمن یونیورسٹی بنائی۔ انہوں نے شیفلڈ کالج کے لئے 5 لاکھ روپے کی گرانٹ اور بہترین پروگرام پیش کرنے پر بچوں کے لئے 50 ہزار روپے کا بھی اعلان کیا۔