• news

پٹرول 4 روپے 71 پیسے‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 53 پیسے، مٹی کا تیل 4 روپے 9 پیسے فی لٹر سستا

اسلام آباد + لاہور (خبرنگار+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4روپے 71پیسے فی لٹرکمی کی گئی ہے، اس طرح اب پٹرول کی نئی قیمت 97روپے 59پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 53پیسے فی لٹرکمی کی گئی ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 106روپے6پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4روپے 9پیسے فی لٹرکمی کے بعد نئی قیمت 94روپے17پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4 روپے22 پیسے فی لٹرکمی ہوئی ہے۔ اس طرح اب لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 89روپے6پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔ ہائی اوکٹین کی قیمت میں8روپے 40پیسے فی لٹرکمی کرکے اسکی قیمت 123روپے57پیسے فی لٹرمقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج یکم مئی سے ہو گا۔ دریں اثناءبےن الاقوامی منڈی مےں اےل پی جی کی قےمتوں مےں کمی کے باعث مقامی مارکےٹ مےں اےل پی جی کی قےمتوں مےں 6روپے فی کلوگرام کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 72روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 272روپے کم ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں 58ڈالر کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمت 817ڈالر سے کم ہو کر 759ڈالر فی میٹرک ٹن پر آ گئی۔ گذشتہ ماہ کے دوران کمی کے رجحان کے باعث ایل پی جی کی قیمت میں 20روپے فی کلو گرام کمی ہوئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ قیمتوں میں کمی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے۔ قیمتوں میں کمی کے بعد گلگت، فاٹا، مظفرآباد، باغ، ناران، کاغان، پشاور110 روپے فی کلو اور گھرےلو سلنڈر 1258روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، مےرپور، جہلم، بہاولپور، رحےم ےار خان، ملتان105روپے فی کلو اور گھرےلو سلنڈر1198روپے ۔ لاہور، گوجرانوالہ، فےصل آباد، سےالکوٹ، گجرات 100فی کلو اور گھرےلو سلنڈر1150 روپے ۔ کراچی 95روپے فی کلو اور گھرےلو سلنڈر 1090روپے۔ دوسری جانب عوام کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سیاسی حکومتیں مدت پوری کرنے کے دوران مسلسل قیمتوں میں اضافہ کرتی رہی ہیں جبکہ نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوا ایک کا ایک تازہ جھونکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے الیکشن سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نگران حکومت کا عوام کو تحفہ ہے جس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن