پاکستان کو کھلاڑیوں نہیں بہتر سیاسی قوت کی ضرورت ہے: نواز شریف
لاہور+ شیخوپورہ+ سانگلہ ہل (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں اور مسلم لیگ (ن) دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی ہر صورت کو مستر دکر تی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہمارا مذہب اور ثقافتی روایات بے گناہ انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق کمپنی باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہمارے مخالفین ہماری فتح کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور وہ اب شیر کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ پاکستان کو مسائل گرداب اور عوام کو لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بےروزگاری، بدامنی، دہشت گردی سے بچانے کیلئے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے محب وطن اور تجربہ کار ٹیم کی ضرورت ہے۔ ن لیگ کے پاس تجربہ کار ٹیم اور محب وطن رہنما موجود ہیں جو پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکال کر دنیا بھر میں ایک باوقار ملک بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پرویز مشرف بادشاہ بن کر بیٹھا ہوا تھا اس نے ظلم وستم کی داستانیں رقم کیں، اب ظالم جیسا کریں گے ویسا ہی بھریں گے پرویز مشرف عبرت کا نشان بن چکا ہے۔ اللہ سے ڈرنا چاہئے، ڈکٹیٹر نے لوڈ شیڈنگ کا تحفہ دیا20,20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اللہ نے مجھے موقعہ دیا تو لوڈشیڈنگ کی کمر توڑ کر رکھ دوں گا۔ اس موقع پر امیدوار این اے 133 میاں جاوید لطیف، امیدوار این اے 134سردار عرفان ڈوگر، امیدوار پی پی 167عارف خان سندھیلہ، سجاد حیدر گجر، فیضان خالد ورک، رانا تنویر ناصر، سلیم بل، ضلعی جنرل سیکرٹری کاشف عارف، سٹی صدر امجد نذیر بٹ، ملک شہزاد ڈوگر، میاں اعجاز احمد، میاں منور لطیف، احتشام سلیم بل، رانا محمد اشرف، شیخ محمد یعقوب بگائ، ملک عمر صدیق، قمر اقبال ڈار، ملک نسیم ڈوگر، میاں محمد اقبال ٹمبر مارکیٹ والے کے علاوہ مسلم لیگ ن پرائمری یونٹوں کے صدور، جنرل سیکرٹری، خواتین، علمائ، وکلائ، طالب علموں، تاجروں، شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نواز شریف نے کہا عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر انقلاب کا پیش خیمہ ہے، ملک میں تبدیلی نہیں اب انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا ڈگری ہولڈر ہنرمند بےروزگار نوجوانوں کو نیا بنک کر آسان شرائط پر قرضہ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان درخواستیں تیار کرلیں میں وزیر اعظم بن کر اسلام آبا دمیں نہیں بلکہ شیخوپورہ کے گلی کوچوں میں عوام سے درخواستیں وصول کروں گا۔ انہوں نے کہا جاوید لطیف، عارف سندھیلہ، عرفان ڈوگر، سجاد گجر اور مسلم لیگ کے کارکنوں نے آمریت کے دور میں جیلیں کاٹیں مصائب برداشت کیے مگر میرا ساتھ نہیں چھوڑا، وزیر اعظم بن کر شیخوپورہ میں خوبصورت میڈیکل کالج اور فاروق آباد میں سپورٹس سٹیڈیم بنے گا۔ جلسہ سے این اے 133کے نامزد امیدوار میاں جاوید لطیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس وقت پاکستان کے ساتھ امت مسلمہ کا رہبر نواز شریف ہیں موجودہ الیکشن کسی کی ہار اور جیت کا نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کا الیکشن ہے، 11مئی کو عوام شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں جلسہ سے کاشف عارف، امجد نذیر بٹ، شہزاد ڈوگر، فیضان خالد ورک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سانگلہ ہل میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا 11مئی کو مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی، ہم اقتدار میں آکر پڑھے لکھے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں گے اور پاکستان کو اسی مقام پر لے جائینگے جہاں پر ہم چھوڑ کر گئے تھے، زرداری حکومت نے ملک سے لوڈ شیڈنگ، بیروز گاری ، مہنگائی ،دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ نہیں کیا، زرداری حکومت صرف اپنی جیبیں بھرنے میں لگی رہی جس میں وفاقی وزراءبھی ملوث رہے، میں مانتا ہوں دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، مہنگائی پرویز مشرف کے تحفے ہیں مگر زرداری کی حکومت 5سال تک کیا کرتی رہی، زرداری حکومت 2گھنٹے بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے نکالتی تو ملک کا ایسا حشر نہ ہوتا۔ سٹیج پر برجیس طاہرسابق ایم این اے،چوہدری طارق محمود باجوہ سابق ایم پی اے،حاجی رانا محمد ارشد سابق ایم پی اے،عرفان الحسن بھٹی،مسلم لیگ ن تحصیل کے صدر میاں اعظم شریف، تحصیل جنرل سیکرٹری محمد عمران بوبک، چوہدری ذوالفقار علی باجوہ، صائمہ بھٹی اور شاہد ممتاز باجوہ بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے کہا ہم اقتدار میں آکر سانگلاہل کو خوبصورت ضلع بنائینگے اور حلقہ کی تعمیرو ترقی کیلئے8ارب روپے دینگے، موٹر وے انٹرچینج آئے گی اور ایسے کام کرینگے جسکی تارخ میں کوئی مثال نہیں ملے گی۔ اے پی اے کے مطابق سانگلہ ہل اور شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ملک کو کھلاڑیوں کی نہیں بہتر سیاسی قیادت کی ضرورت ہے، ملک کو مضبوط حکومت کی ضرورت ہے، ملک ایک بہت بڑے امتحان سے گزر رہا ہے، پاکستان کو سنجیدہ، باوقار اور ایک تجربہ کار ٹیم کی ضرورت ہے جو مسلم لیگ ن کے پاس موجود ہے، پاکستان کو مسائل سے پاک کرنے کا عزم ہے۔ ترقی کرتا پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں، 11مئی کو ذرا سی بھی بھول پاکستان کو اپنی منزل سے بہت دور کر دیگی۔ این این آئی کے مطابق سابق وفاقی وزیر شاہد ظفر اور ان کے صاحبزادے کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا لگتا ہے بعض قوتیں انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر رہی ہیں لیکن عوام اسے کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، انتخابات ہر صورت وقت مقررہ پر ہونے چاہئیں اور دہشت گردی اور قتل و غارت کا واحد حل انتخابات ہیں‘ آمریت اور اسکے بعد آنے والی وفاقی حکومت نے ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا، انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئے گی اور ملک و قوم کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔