• news

شیر عمران کے حواس پر چھا گیا، اسی پر مہر کا کہتے ہیں: شہباز شریف

لاہور/ علی پور چٹھہ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے صدر زرداری کے حکم سے آج بھی سات سو میگاواٹ بجلی پنجاب سے باہر بھیجی جا رہی ہے۔ میں نے دو مرتبہ وزیراعظم گیلانی سے میٹنگ کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب سے بجلی باہر بھیجنے کا سلسلہ بند کر دیا جائے گا لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا لیکن عمران خان کا کہنا کہ زرداری کا لوڈشیڈنگ میں کوئی قصور نہیں اسی لیے میں کہتا ہوں بلا، تیر اور سائیکل اصل میں تینوں ایک ہیں اور بلاول زرداری اور عمران خان کی تقریریں ایک ہی شخص لکھتا ہے۔ 11 مئی کو پنجاب کے عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے مسلم لیگ (ن) ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنائیں گے۔ علی پور چٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ق لیگ نے میٹرو بس سروس، لیپ ٹاپ سکیم، سولر لیمپس اور گرین ٹریکٹر جیسے ہمارے فلاحی منصوبوں پر تنقید کر کے عوام کو خود سے متنفر کر دیا ہے اور عوام ان جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دے کر عوامی بہبود کی ان عظیم سکیموں کے خاتمے کا خطرہ مول لینے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے ایک ایسی میٹرو بس سروس پر تنقید کی جس پر اب تک تقریباً ایک کروڑ مسافر سفر کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) انتخابات جیت کر پہلی میٹرو بس سروس کراچی میں بنائے گی جس کے بعد راولپنڈی اور فیصل آباد میں اس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے منظور وٹو نے بیان دیا ہے وہ انتخاب جیت کر عمران کو وزیراعظم بنائیں گے۔ میں نے بلے، تیر اور سائیکل کے گٹھ جوڑ کی بات کی تھی۔ وٹو کے اس بیان سے بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں پاکستانی قوم اتنی بدقسمت بھی نہیں کہ اسے یہ دن دیکھنا پڑے۔ میری عوام سے اپیل ہے وہ 11 مئی کو نواز شریف کو واضح اکثریت سے منتخب کریں۔ آئی این پی کے مطابق شہباز شریف نے کہا شیر عمران خان کے اعصاب پر سوار ہو گیا، وہ خود اس پر مہریں لگانے کا کہہ رہے ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق انہوں نے کہا عوام 11 مئی کو شیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ بجلی بحران کے ذمہ داروں، غاصبوں، لٹیروں کی منافقانہ سیاست ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں۔ زربابا چالیس چوروں نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا، قومی خزانے کو لوٹ کر کشکول پکڑ کر دنیا کی بڑی ایٹمی طاقت کو بھکاری بنا دیا، ہم برسراقتدار آ کر علی پور چٹھہ میں خواتین کیلئے جاذب نظر پارک، لڑکے لڑکیوں کیلئے ٹیکنیکل کالج اور نوجوانوں کیلئے کرکٹ سٹیڈیم بنائیں گے۔ قبل ازیں خصوصی رپورٹر کے مطابق رائے ونڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا عمران خان میرے دیئے گئے چیلنج سے بھاگ گئے اور پھر نوازشریف کے ہر حلقے سے مقابلے کی اپنی بات سے پھر گئے۔ انکی کسی بات کا کیا جواب دوں؟ انہوں نے مزید کہا عمران خان بجلی کے بحران کا ذمہ دار پنجاب کو رقار دیتے اور زرداری صاحب کو کلین چٹ دے رہے ہیں۔ اصل میں تیر، بلا اور سائیکل مل گئے ہیں۔ 11 مئی کو یہ تینوں تتر بتر ہو جائینگے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور قومی اسمبلی کی نشست این اے 126 سے پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار ڈاکٹر حسنات شاہ اور انکے ساتھیوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے این اے 126 سے امیدوار خواجہ احمد حسان اور پی پی 151 سے امیدوار سید توصیف شاہ بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے مزید کہا میں نے ڈیڑھ دو ماہ پہلے عمران خان کے میٹرو بس پر 70 ارب روپے خرچ کرنے کے الزام کے جواب میں انہیں چیلنج دیا تھا کہ اس الزام کو ثابت کریں اورپھر میں نے اس معاملے کی چھان بین انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی کو سونپ دی جس کی ممبر جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال ہیں اور جن کے صاحبزادے ولید اقبال تحریک انصاف کی ٹکٹ پر لاہور سے قومیاسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے چھان بین کر کے تمام معاملات کو شفاف پایا اور عمران خان کو خط لکھا ایک ہفتہ میں اپنے الزامات ثابت کریں مگر خان صاحب بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کی ذمہ داری مجھ پر ڈالتے ہوئے عمران خان صاحب کو سندھ جانیوالی 700 میگاواٹ بجلی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کو کلین چٹ دینے والے خان صاحب کو نندی پور اور چیچوکی ملیاں پر حکومت کے 60 ارب روپے کا خرچ ضائع ہوتا نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ رینٹل پاور پراجیکٹس میں جو کرپشن ہوئی خان صاحب نے اس سے بھی آنکھیں بند کر لی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ عوام مسل لیگ (ن) کو اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مخالفین کو انکی زبان میں جواب نہیں دینگے البتہ میں خان صاحب کو بلے باز کہتا ہوں کہ وہ بلے باز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب پرویز مشرف کے چیف پولنگ ایجنٹ رہے، انکا جھنڈا اٹھا کر خان صاحب نے مشرف کا ساتھ دیا۔ ہمیں جلاوطن کیا جانا سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ لاکھوں بچوں کو میرٹ پر آئندہ بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے۔ خان صاحب نے آٹھ الیکشن لڑکے آٹھوں ہارے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے میں پنجاب کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔آئی این پی کے مطابق شہباز شریف نے کہا لاہور کل بھی مسلم لیگ (ن) کا قلعہ تھا اور آج بھی مضبوط ترین قلعہ ہے۔ عوام کا یہ عظیم الشان اجتماع اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میاں شہباز شریف نے زندہ دلان لاہور سے اپیل کی وہ عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے عوام دشمن سیاستدانوں کو 11 مئی کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سیاست سے آﺅٹ کر دیں اور پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن