لسانیت، قومیت کی سیاست ختم، قوم کو لا الہ الا اللہ“ پر اکٹھا کرینگے: عمران
میانوالی (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ”لا الہ الا اللہ“ کے نام پر قوم کو جمع کریں گے اور امریکہ کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ عمران خان نے میانوالی کے علاقوں پپلاں، عیسیٰ خیل، کمرمشانی، کالاباغ، داﺅد خیل، موچھ، شہباز خیل اور میانوالی میں جلسوں سے خطاب کیا۔ پپلاں میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا اقتدار میں آکر انسانیت اور قومیت کی سیاست ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا 5برسوں کے دوران پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب رہی، قوم تباہ ہو گئی اور شریف خاندان کے تحفظ پر بارہ سو پولیس اہلکار تعینات رہے۔ ان کا کہنا تھا مہنگائی، بے روزگاری اور سرمایہ کاری نہ ہونے کی بڑی وجہ کرپشن ہے، جس قوم کے لیڈر پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں وہ لیڈر نہیں ہوتے، میں نے باہر پیسہ کمایا اور سارا پیسہ پاکستان میں ہے۔ تحصیل عیسیٰ خیل میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جو مظلوم کو ظلم سے نجات دلا سکے۔ 11مئی کو عوام جہاد سمجھ کر بلے پر مہر لگائیں تاکہ غاصب حکمرانوں سے نجات مل سکے۔ کمرمشانی میں انہوں نے کہا پرانے لیڈر واپس آئے تو بجلی اور گیس پہلے سے زیادہ مہنگی ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا انہیں آخری گیند تک لڑنا آتا ہے۔ 11مئی کو شیر کے تکے بناکر کھائیں گے، ہم نے الیکشن کے اس میچ کے لئے 17سال سے تیاری کر رکھی ہے، انہیں مقابلہ بھی کرنا آتا ہے اور آخری گیند تک لڑنا بھی آتا ہے۔ کالاباغ اور داﺅد خیل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا مقابلہ نہ نوازشریف کر سکتے ہیں اور نہ زرداری۔ عوام نے دونوں جماعتوں کے لیڈروں کی شکلیں کئی مرتبہ دیکھی ہیں۔ یہ فلموں میں ہوتے تو ریٹائرڈ ہو چکے ہوتے۔ میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پرانی جماعتوں کی طرف سے سلسلہ وار باریوں کی روایت کو ختم کرکے عوام کی حالت بدل دیں گے۔ ان کا کہنا ہے جو جماعتیں پانچ دفعہ اقتدار میں آکر کچھ نہیں کر سکیں، چھٹی بار کیا کریں گی۔ انہوں نے سوال کیا شہبازشریف نے 5سال میں عوام کے لئے کیا کیا؟ پچھلے 5سال میں پنجاب میں 40ہزار افراد قتل ہوئے، پنجاب میں پانچ سال میں 70ہزار لوگوں کو اغوا کیا گیا، تحریک انصاف پاکستان کو امریکہ کی غلامی سے نکالے گی، ہم عدل اور انصاف کا نظام لائیں گے اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ پپلاں، عیسیٰ خیل، کمرمشانی اور کوٹ چاندانہ میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا میں اپنے آبائی حلقہ این اے 71کے لوگوں کا آج تک مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے کامیاب کرا کے قومی اسمبلی بھیجا اور اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر عوام کے وقار اور اعتماد کو بلند رکھا۔ انہوں نے کہا میانوالی کی مٹی سے تخلیق ہونے والا عمران خان ایک نیا پاکستان بنائے گا۔ وہ عظیم اقبالؒ اور قائدؒ کا پاکستان بنائیں گے جو اسلامی اور فلاحی ریاست ہو گا جس میں لوگوں کو عدل و انصاف اور امن و تحفظ میسر ہو گا۔ انہوں نے کہا پرانی سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے ہیں جو پانچ، پانچ مرتبہ اقتدار کی باریاں لے چکی ہیں اور خاص طور پر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی پانچ، پانچ باریاں اقتدار کی لینے کے باوجود عوام اور ملک کی حالت بہتر نہیں بلکہ ان کی مفادپرستی کی وجہ سے ملک و قوم کی حالت اور زیادہ بدتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا گذشتہ دنوں شہبازشریف میانوالی آئے، جلسے میں وعدے کرکے گئے، اپنے گذشتہ پانچ برسوں میں وزیراعلیٰ اور اقتدار کے دوران پاکستان اور میانوالی کیلئے کیا کیا ہے اب پھر اقتدار کے مزے لینے کیلئے میانوالی کے عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کرنا شروع کر دئیے ہیں، جو لوگ پانچ مرتبہ اقتدار ملنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکے ہیں، آگے کیا خاک ملک و قوم کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا شہبازشریف کے پچھلے پانچ برسوں میں پنجاب میں ایک لاکھ عدالتوں میں کیس ہیں۔ شہبازشریف کے دور میں گذشتہ پانچ برسوں میں چالیس ہزار لوگ قتل ہوئے۔ پانچ برسوں میں تقریباً 70ہزار لوگوں کو اغوا کیا گیا۔ ایک لاکھ 28ہزار چوریاں اور ایک لاکھ 30ہزار گاڑیاں چوری ہوئیں، ڈیڑھ سو بنک ڈکیتیاں ہوئیں، خادم اعلیٰ پنجاب سے عوام پوچھتے ہیں یہ اپنے آپ کی گذشتہ پانچ برسوں کی کارکردگی شہبازشریف کے دور میں ڈاکے، چوریاں، کرپشن، بدعنوانی اور قومی خزانے کا اپنی ذاتی اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ اب عوام کے پاس کس منہ سے ووٹ مانگنا چاہتے ہیں، عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے اور لوگوں اور خاص طور پر نوجوانوں نے تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور ان جلسوں کے اندر عوام اور نوجوانوں کا جوش و خروش سے ان کی آنکھیں کھل گئی ہیں، عوام نے ان سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں، جس ملک میں کرپشن ہو وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔