• news

لاہور میں خسرہ سے مزید 4بچے جاں بحق، 58بچے ہسپتال پہنچ گئے

لاہور (نیوزرپورٹر) لاہور میں خسرہ سے مزید4بچے جاںبحق ہوگئے۔ سرگنگا رام ہسپتال لاہور میں مزنگ کی8 سالہ فاطمہ محمود، چلڈرن ہسپتال لاہور میں چونگی امرسدھو کے8ماہ کا اورنگ زیب، پتوکی کا2سالہ احمد اور میوہسپتال لاہور میں1سال کی ماہم خسرے کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ 24گھنٹوں کے اندر چلڈرن ہسپتال لاہور میں58میوہسپتال لاہور میں28سر گنگارام ہسپتال میں5اور نجی ودیگر سرکاری ہسپتالوں میں58مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان محکمہ صحت حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے انسداد خسرہ کی مہم میں فرائض سے غفلت برتنے پر متعدد ڈاکٹروں اور دیگر اہلکاروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی ہے۔جن میں ڈاکٹر کامران بخاری اور ڈاکٹر منظور باجوہ شالیمار ٹاﺅن، ڈاکٹر محمد ر ضوان شاہدرہ، محمد رشید لیب اسسٹنٹ سرگنگارام ہسپتال، رضیہ بی بی لیڈی ہیلتھ ورکر کچا نسبت روڈ اور ویکسی نیٹر اعجاز، غازی آباد لاہور شامل ہیں۔ترجمان محکمہ صحت نے کہا ہے کہ مذکورہ اہلکاروں کو سیکرٹری صحت کی جانب سے تشکیل کردہ مانیٹرنگ ٹیموں کے افسران نے انسپکشن کے دوران سرکاری فرائض میں غفلت کا مرتکب پایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم قومی ذمہ داری ہے، فرائض میں غفلت برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن