سستی روٹی سکیم میں 30 ارب روپے کا گھپلا ثابت ہو چکا، شہباز اپنا نیا نام بتا دیں: پرویزالٰہی
گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کہتے پھرتے ہیں کہ اگر میں نے یہ نہ کیا وہ نہ کیا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، وہ یہ بھی کہتے تھے کہ سستی روٹی سکیم بند ہو گئی یا ایک پیسے کی کرپشن ہوئی تو میرا نام تبدیل کر دینا، اب ان سے پوچھا جائے کہ آجکل ان کا کیا نام ہے اور انہوں نے اب تک اپنا نام کیوں تبدیل نہیں کیا؟ کیونکہ آڈیٹر جنرل پاکستان نے سستی روٹی سکیم کا باقاعدہ آڈٹ کیا تو اس میں 30 ارب روپے کا گھپلا ثابت ہوا۔گجرات کے مختلف مقامات اور کھوجیاں والا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو اندھیروں میں دھکیلنے والے نواز شریف، شہباز شریف کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں، مفت کمپیوٹر بانٹنے سے ووٹ نہیں ملتے، بطور وزیراعلیٰ میں نے گاﺅں گاﺅں، شہر شہر پختہ گلیاں بنائیں، بجلی اور گیس پہنچائی، 1122 سروس فراہم کی جس کا کوئی متبادل نہیں میٹرک تک کتابیں اور تعلیم مفت کی جو اَب بی اے تک کریں گے، جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے پٹرولنگ پولیس بنائی جس سے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شیر تو ایک جانور اور دہشت و خوف کی علامت ہے جس کا کوئی پتہ نہیں کب پنجہ مار دے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکل عوامی سواری ہے منزل تک پہنچاتی ہے، آپ سب سائیکل پر مہر لگائیں گے تو پاکستان میں ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ کامیاب ہونے کے بعد سب سے پہلے سیالکوٹ، گجرات، لاہور موٹروے بناﺅں گا جس سے لاہور کا فاصلہ ایک گھنٹہ پچیس منٹ میں طے ہو سکے گا، موٹروے پر سویڈن اور جرمنی کی یونیورسٹیاں بھی بنائیں گے جو شہباز شریف کی نا اہلی کی وجہ سے ہندوستان منتقل ہو گئی تھیں۔