• news

”اتنی سہولتیں“ ملزم ہو تو مشرف جیسا‘ پاکستانی قیدی رشک کرتے ہونگے: بی بی سی

لندن (این این آئی) بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید ملزم یقیناً سابق صدر پرویز مشرف پر رشک کرتے ہوں گے کہ قتل کے مقدمے کے ملزم کو اتنی سہولتیں دی گئی ہیں تو انہوں نے کیا قصور کیا ہے کہ انہیں ان سہولتوں کا عشر عشیر بھی حاصل نہیں جبکہ سپریم کورٹ کے بقول قانون کی نظر میں تمام انسان برابر ہیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق فوجی صدر پرویز مشرف ان دنوں اعلیٰ عدالتوں کے ججز کو حبس بےجا میں رکھنے اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں اپنے فارم ہاﺅس میں قید ہیں۔ اس فارم ہاﺅس کو اسلام آباد کی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر سب جیل قرار دیا ہے۔ فارم ہاﺅس میں ذرائع کے مطابق سابق صدر مشرف کو دورانِ قید ذاتی باورچی کی خدمات حاصل ہیں اور انہیں کھانا دینے سے پہلے ایک ڈاکٹر کھانا چیک کرتا ہے۔ فارم ہاﺅس میں جن کمروں کو سب جیل قرار دیا گیا ہے وہ بھی مشرف نے خود ہی منتخب کئے ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر جیل کے عملے کو بھی مشرف کے کمروں تک رسائی نہیں دی گئی۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں واقع اس فارم ہاﺅس کے باہر چاروں اطراف پیرا ملٹری فورس رینجرز نے سات چیک پوسٹیں قائم کی ہیں جبکہ پولیس نے بھی اتنی ہی تعداد میں عارضی چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔ ان چوکیوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ 180 کے قریب اسلام آباد پولیس کے اہلکار روزانہ تین شفٹوں میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔ سکیورٹی ڈویژن کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو سابق صدر اور سابق آرمی چیف کی حیثیت سے سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ انہیں ملزم کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات وزارتِ داخلہ کی طرف سے دی گئی ہیں۔ ملزم پرویز مشرف کی سکیورٹی کے انچارج ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن طاہر عالم کو دی گئی ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق پرویز مشرف کے فارم ہاﺅس کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سے پہلے ان کی چھان بین کی گئی تھی کہ ان کا رجحان کسی مذہبی تنظیم کی طرف تو نہیں ہے۔ اہلکار کے مطابق فارم ہاﺅس کے اندر رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں اور انہوں نے فارم ہاﺅس کے اندر بھی حفاظتی بنکرز بنائے ہوئے ہیں جبکہ فارم ہاﺅس کے اندر پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں۔ ملزم پرویز مشرف کو فارم ہاﺅس میں جس جگہ پر رکھا گیا ہے وہاں پر ایسے سپرنٹر بیگ رکھے گئے ہیں جس سے کسی بھی قسم کے بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم نقصان ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن