• news

ایم کیو ایم ہر صورت الیکشن کا التوا چاہتی ہے، الیکشن کمشن بیانات کا نوٹس لے : منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ نگران حکومت جانتی ہے کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے اس کے باوجود دہشت گردوں کا پکڑے نہ جانا حکومت اور سکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ ایم کیو ایم ہر صورت انتخابات کا التوا چاہتی ہے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم کے بیانات کا نوٹس لینا چاہئے۔ اگر آئندہ انتخابات میں بھی وہی چور لٹیرے اور جعلی ڈگری ہولڈرز اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ گئے تو لوگوں کا انتخابات پر سے اعتماد اٹھ جائے گا اور پھر بکھرے ہوئے لوگ سڑکوں پر نکلے تو انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔ جماعت اسلامی نہ صرف خیبر پی کے میں حکومت بنائے گی بلکہ مرکز میں بھی ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بنا سکے گا۔ عوام 11 مئی کو عدل و انصاف کے نشان ترازو کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک پر 65 سال سے رسہ گیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے جنہوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ہر طرف غربت ناچتی نظر آتی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ نے پورا نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ اور فوجی آمریت کی حکومتوں نے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ قوم نے سب کو ایک کی بجائے کئی کئی بار آزما لیا لیکن ملک کی تقدیر نہیں بدلی، پرنالہ وہیں گرتا رہا، اب جماعت اسلامی کو موقع دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پہلے دن ہی ملٹری آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھاکہ ملٹری آپریشن ختم کر دیا جائے اس سے دہشت گردی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گی لیکن جنرل کیانی نے کہا تھاکہ ہم دہشت گردی کا آہنی ہاتھوں سے قلع قمع کر دیں گے لیکن جنرل کیانی جانتے ہیں کہ دہشت گردی ختم ہونے کی بجائے جی ایچ کیو تک پہنچ گئی۔ سید منورحسن نے کہاکہ نگران حکومت انتہائی نااہل ثابت ہوئی ہے جس نے دہشت گردی کو روکنے کے بجائے حالات سے سمجھوتہ کر لیا ہے اور لوگوں کے اعتماد کو بری طرح ٹھیس پہنچائی۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے، بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ حکومت کی نااہلی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی کی و جہ سے ہو رہا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن