• news

وزیراعظم نے نیشنل کرائسس مینجمنٹ سیل کو الیکشن کمشن کے سپرد کردیا : بم دھماکوں کی مذمت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے نیشنل کرائسس منیجمنٹ سیل (این سی ایم سی) کو الیکشن کمشن کے سپرد کردیا ہے۔ یہ سیل اس وقت وزارت داخلہ میں کام کرتا ہے اور اس میں ملک کی مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں اور خصوصی سروسز کے نمائندے بھی کام کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ فیصلہ الیکشن کمشن کی طرف سے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں اظہار تشویش کے بعد کیا جبکہ حکومت کی پالیسی ہے کہ الیکشن کمشن کو منصفانہ انتخابات کے لئے ہر ممکن مدد دی جائے۔ وزیراعظم نے ملک میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور انہیں افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے مجودہ امن وامان کی صورتحال پر اظہار تشویش بھی کیا۔ وزیراعظم نے یہ عزم دہرایا کہ سیاسی رہنما¶ں‘ امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ امن و امان کا قیام صوبائی معاملہ ہے تاہم وفاق اس سلسلے میں صلاحیت میں اضافہ کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن اعانت کر رہی ہے۔ نگران حکومت کو برسوں سے مسئلہ بنی ہوئی امن و امان کی صورت حال ورثہ میں ملی تھی تاہم حکومت کا عزم ہے کہ ملک کے عوام کے جان ومال کے لئے خطرہ بننے والوں کے مذموم عزائم کو شکست دی جائے گی۔ نگران حکومت نے فوج‘ سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کے علاوہ تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ملک کے کچھ حصوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کی اجازت دی۔ نگران حکومت ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمشن کی مطالبات کی قدر کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن