پاکستان میں 30 تربیتی کیمپ موجود ہیں: بھارتی فوج کا الزام
سرینگر (آن لائن) بھارت نے پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ سرحد پار 200 تربیت یافتہ مجاہدین دراندازی کیلئے تیار بیٹھے ہیں جو موسم گرم ہوتے ہی لائن آف کنٹرول عبور کرکے کشمیر میں داخل ہو سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ الزام بھارتی فوج کی 16ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایش ہوڈا نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ برف پگھلنے کیساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی جنگجوﺅں کی آمد کے شدید خطرات ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے میں تقریباً 30 تربیتی کیمپ موجود ہیں جہاں مجاہدین کو تربیت دے کر بھارت کے خلاف استعمال کرنے کیلئے سرحد عبور کرائی جاتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر بھارتی فوج مکمل طور پر چوکس ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔