• news

چھٹی کے باوجود 18گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، لاہور میں مظاہرے

لاہور (آئی این پی) لاہور سمیت صوبہ بھر میں یکم مئی کی چھٹی کے باوجود بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ‘ شہری علاقوں میں 14سے 16 جبکہ دیہاتوں میں 18گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوتی رہی‘ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور نگران حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر کے علاوہ مارکیٹوں کی بہت بڑی تعداد بند رہی لیکن اس کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا اور چھٹی کے باوجود بھی لاہور میں 14سے 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں اور دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14سے 16گھنٹے تک رہا جبکہ دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ شہروں کے مقابلے میں دو گھنٹے زیادہ تھا۔ لاہور کے علاقہ ساندہ‘ بیگم کوٹ‘ وحدت روڈ‘ اعوان ٹاﺅن اور چونگی امرسدھو کے علاقوں میں شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جن میں مظاہرین نے نہ صرف نگراں حکومت بلکہ ماضی کی حکومت کے خلاف بھی نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے۔
لوڈشیڈنگ/ مظاہرے

ای پیپر-دی نیشن