• news

پنجاب میں تفریحی ٹیکس 65سے کم کر کے 20فیصد کرنے کا فیصلہ

لاہور (احسان شوکت سے) بھارتی فلموں پر تفریحی ٹیکس ختم کرانے والا مافیا اب فیشن شوز، ڈانس پارٹیوں اور میوزیکل شوز پر بھی ٹیکس ختم کرانے کے لئے سرگرم عمل ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لبرل نگران حکومت نے اس مافیا سے ساز باز کر کے ان کا ”جائز مطالبہ“ مانتے ہوئے 65فیصد تفریحی ٹیکس دوگنا سے بھی زیادہ کم کر کے 20فیصد کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیشن شوز اور میوزیکل شوز پر حکومت نے ٹکٹ کی رقم کا 65فیصد بطور تفریحی ٹیکس نافذ کر رکھا ہے۔ میوزیکل شوز کی آڑ میں ڈانس پارٹیاں، ویلنٹائن ڈے اور نئے سال کی پارٹیاں اور دیگر ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس سے محکمہ ایکسائز کی تفریحی برانچ کا عملہ 65فیصد ٹیکس وصول کرتا ہے۔ ماضی میں یہ ٹیکس سنیماﺅں میں فلموں کی نمائش پر بھی وصول کیا جاتا تھا۔ لیکن ایک مخصوص مافیا نے پاکستان میں فلم انڈسٹری کی ترقی و فروغ کی آڑ میں یہ ٹیکس معاف کرایا مگر بیشتر سنیماﺅں میں لچر بھارتی فلموں کی نمائش ہونے لگی جس پر پنجاب حکومت نے پاکستانی فلموں پر تو ٹیکس معاف کر دیا مگر بھارتی فلموں کی نمائش پر نہیں لیکن بالآخر آج حکومت اس مافیا کے آگے ڈھیر ہو گئی اور اسے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے معاف کیا جانے والا تفریحی ٹیکس بھارتی فلموں پر بھی معاف کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔ اب تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ یہ مافیا نگران لبرل حکومت سے فیشن شوز، میوزیکل شوز اور ڈانس پارٹیوں پر بھی تفریحی ٹیکس معاف کرانے کے لئے ساز باز کر چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ صوبائی نگران حکومت کے کابینہ اجلاس میں تفریحی ٹیکس 65فیصد سے کم کر کے 20فیصد کرنے کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن