• news
  • image

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے عوام متحدہ دینی محاذ کو کامیاب کرائیں: رہنما

لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستان اس وقت شدید ترین بحران کا شکار ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے، گیس کا بحران ہے، مہنگائی، بے روزگاری ہے، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں دھماکے ہو رہے ہیں، یہ تمام مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوں گے جب تک ملک کو اسلامی فلاحی ریاست نہیں بنایا جاتا، اس لئے عوام کو چاہئے کہ وہ متحدہ دینی محاذ کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامےاب کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ دینی محاذ کے مرکزی رہنما اور امیدوار این اے 122مولانا محمد عاصم مخدوم، متدہ دینی محاذ کے رہنما اور امیدوار پی پی 150محمد اقبال بلوچ، متحدہ دینی محاذ کے رہنما قاری عبدالرشید، متحدہ محاذ کے رہنما اور امیدوار پی پی 138حافظ عبدالوحید فاروقی نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ پاکستانی قوم کے مسائل کا حل شریعت کے نفاذ میں اور امت مسلمہ کے مسائل کا حل عالمی اسلامی خلافت کے قیام میں ہے، عوام ان انتخاب میں ملک کو لوٹنے والوں اور اسے سکیولر ریاست بنانے کی کوششیں کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں۔ پی پی 150سے امیدوار محمد اقبال بلوچ نے کہاکہ میرے حلقے میں بے شمار مسائل ہیں، سڑکیں ٹوٹی ہیں، پینے کا صاف پانی نہیں، سیوریج سسٹم خراب ہے، اس حلقے سے منتخب ہونے والے سابق اراکین اسمبلی نے علاقے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ پی پی 138سے امیدوار حافظ عبدالوحید فاروقی نے کہاکہ میرا حلقہ بادامی باغ، شاہدرہ اور راوی روڈ کے علاقوں پر مشتمل ہے۔ یہ علاقے مسائلستان ہیں، سابق حکمرانوں نے ان علاقوں کے مسائل کی حل کی طرف توجہ نہیں دی۔
رہنما

epaper

ای پیپر-دی نیشن