الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرینگے‘ روشن خیال جماعتیں ملکر دہشت گردوں کا مقابلہ کرینگی : الطاف
حیدرآباد /لندن (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) الطاف حسین نے کہا ہے کہ دھماکے کرنے والے ایم کیو ایم کو الیکشن سے دور رکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرینگے اور دہشتگردوں کو ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، روشن خیال جماعتیں مل کر دہشتگردوں کا مقابلہ کرینگی، دہشتگرد بندوق کے زور پر شریعت نافذ کرنا اور اپنی پسند کی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ بدھ کوحیدر آباد میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لبرل جماعتیں اکھٹی ہو گئی ہیں۔ ہم قائدؒ کے پاکستان کو مل کر بچائیں گے۔ کراچی میں تواتر سے گزشتہ ہفتے دھماکے کئے گئے۔ 70 سے زائد کارکنوں کو 10 روز میں قتل کر دیا گیا جبکہ پولیس مقابلوں کے نام پر ماورائے عدالت ہزاروں لوگوں کو قتل کیا گیا۔ دھماکے کرنے والے مسلمان نہیں ہیں۔ شہید کارکنوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ دہشتگرد ایم کیو ایم کے کارکنوں کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ حلقے کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردی ہمارا داخلی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے امیدوار پورے پاکستان میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جنرل کیانی کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں لبرل جماعتیں ایک جگہ جمع ہوگئی ہیں، رجعت پسند یا دھماکے کرنے والے اور ا±ن کے حمایتی جماعتیں ایک جگہ جمع ہو گئی ہیں، روشن خیال جماعتوں کا مقابلہ رجعت پسند جماعتوں سے ہو رہا ہے۔ آرمی چیف کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے آرمی چیف کے خطاب کے بعد قوم میں نئی امید پیدا ہوگئی ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے ملک میں دہشتگرد حملے بڑھ گئے ہیں الیکشن کمشن کہاں ہے۔
الطاف