کیانی عالم اسلام کیخلاف امریکی جنگ کو اپنی جنگ قرار نہ دیں: منور حسن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ جنرل کیانی عالم اسلام کے خلاف امریکی جنگ کو اپنی جنگ قرار نہ دیں ، یہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ مشرف نے یہ جنگ امریکی حکم پر پاکستان پر مسلط کی تھی جس نے ہزاروں معصوم جانوں کو نگل لیا اور ملکی معیشت کی کمر توڑ دی ۔ آج چاروں طرف نظر آنے والی دہشتگردی ، غربت ، مہنگائی ،بے روزگاری اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اسی جنگ کے تحفے ہیں ۔ زرداری اور اس کے حواریوں نے مشرف کی پالیسیوں کو جاری رکھ کر ملک و ملت کو موجودہ بحرانوں سے دوچار کیا۔ زرداری اور اتحادی ٹولے کا منشور امریکی غلامی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور ڈرون حملے ہیں جو پانچ سال تک قوم نے بھگتا ہے اور اب تک بھگت رہی ہے۔ جماعت اسلامی کا منشور وہ ہے جو اس نے پانچ سالوں میں کر کے دکھایا ہے ۔ ہمارے پاس اقتدار اور اختیارات نہیں تھے لیکن اس صوبے کے لوگ گواہی دیں گے کہ ان کو تین تین بار ہجرت کرنا پڑی ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور این اے 4 بڈھ بیر کے مقام پر بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے این اے 4 سے امیدوار قومی اسمبلی ملک صابر حسین اعوان و دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ سید منورحسن کو بہت بڑے جلوس کے ہمراہ جلسہ گاہ لایا گیا اور جگہ جگہ ان کے جلوس کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہاکہ آ ج کے اس عظیم الشان جلسہ نے ملک صابر حسین اعوان کی کامیابی کو یقینی بنادیا ہے اور عوام نے جلسہ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس بات کااعلان کیا ہے کہ وہ عدل و انصاف کے نشان ” ترازو “کو اپنانشان سمجھتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ مشرف نشان عبرت بن چکا ہے تمام چوروں کو مشرف کے انجام سے عبرت پکڑنی چاہیے۔ زرداری ، گیلانی ، الطاف حسین ، راجہ پرویز اشرف سمیت سب چوروں کو سمجھ لیناچاہیے کہ ان کا حال بھی مشرف سے مختلف نہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی تحریکیں ضائع نہیں جائیں گی ملک بھر کے عوام کرپشن کے خلاف متحد ہو چکے ہیں۔ سید منورحسن نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں قوم بار بار آزمائے ہوﺅں کو آزمانے کی غلطی نہیں کرے گی بلکہ جماعت اسلامی کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے گی۔
منور حسن