• news
  • image

اقتدار ملا تو صنعتی کارکنوں کو مزید انقلابی سہولتیں دیں گے: پرویزالٰہی

لاہور (خبرنگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے فین اور پاٹری انڈسٹری کو بند ہونے سے بچایا انشاءاللہ لیبر اور صنعتی کارکنوں کو مزید انقلابی سہولتیں دینگے، محنت کشوں کے بچوں کیلئے دیگر شہروں کے علاوہ گجرات میں بھی لیبر کالونی اور سوشل سکیورٹی ہسپتال بنایا مزید انڈسٹریل اسٹیٹ اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون بنائیں گے کیونکہ صنعتوں اور لیبر کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ وہ گجرات انڈسٹریل ایریا میں ہزاروں کارکنوں کے اجتماع سے میاں عمران مسعود کے ہمراہ خطاب کر رہے تھے جنہوں نے چودھری پرویزالٰہی کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور میں حکومت میں ہوں یا نہ ہوں ہم نے ہمیشہ گجرات کی انڈسٹری کو مشکلات سے نکالا ہے، فین انڈسٹری پر جب بھی حکومت نے سٹینڈرڈ کا پہاڑ ڈالنے کی کوشش کی تو بھی اس صنعت کو تباہ ہونے سے بچایا، ہم نے وفاقی حکومت پر واضح کیا کہ سٹینڈرڈ جانچنے کیلئے لیبارٹری بنائی جائے، ہمیں لیبر کے ساتھ محبت ہے ملک لیبر کے بغیر نہیں چل سکتا اسی لیے ساڑھے تین کروڑ روپے کا فنڈ میں نے گجرات انڈسٹریل ایریا کو دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سائیکل کے دو پہیے ہیں اسی طرح انڈسٹری کے بھی دو پہیے ہیں مالک اور مزدور، مزدوروں کے نام پر ان کے حقوق غصب نہیں ہونے چاہئیں، لیبر کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے بطور چیف منسٹر ہم نے بہت کام کیا، لیبر کے بچوں کو مفت تعلیم، مفت کتابیں اور وظائف بھی دئیے، لاہور، گجرات اور ملتان میں لیبر کالونیاں بنائیں، سوشل سکیورٹی ہسپتال بنایا، گجرات یونیورسٹی میں لیبر کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا، 1122 جیسی سروس سے اٹھارہ لاکھ افراد کی جانیں بچائی گئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اللہ کریم نے ہمیں موقع دیا تو پانچ ہزار بند پرائمری سکول دوبارہ چالو کریں گے، بی اے تک مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ کتابیں بھی مفت دیں گے، غریبوں کے مکانوں پر ٹیکس معاف کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے میرے مطالبہ پر وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائیکل چلے گی تو ترقی کا عمل چلے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم امیدوار پی پی 111 میاں عمران مسعود، اعظم رحمانی اور تجمل حسین شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر عدنان سیٹھی، ملک اسحاق اعوان، ملک گلزار، خاور رفیق اور سمال انڈسٹریل ایریا گجرات کے دیگر نمائندے موجود تھے۔
پرویز الہی

epaper

ای پیپر-دی نیشن