• news
  • image

طالبان کی حامی قوتیں پیپلزپارٹی کو انتخابات سے دور رکھنا چاہتی ہیں: رحمن ملک

لاہور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ طالبان کی حامی قوتیں پیپلز پارٹی کو انتخابات سے دور رکھنا چاہتی ہیں لیکن عوام 11 مئی کو ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دیکر اسے کامیاب بنائیں گے۔ ملک کی دو سیاسی جماعتیں الیکشن کمشن آف پاکستان کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں چیف الیکشن کمشنر نوٹس لیں۔ لاہور میں پیپلز پارٹی یوتھ گروپ سے خطاب کرتے ہوئے رحمن ملک کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بحالی کا کریڈٹ حاصل کرنے والے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں یہ کریڈٹ صرف اور صرف آصف علی زرداری کو جاتا ہے جنہوں نے بروقت فیصلہ کر کے ملک کو انارکی سے بچایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں برادران اتنا جھوٹ بولیں جس کو کل ثابت بھی کر سکیں۔ طالبان قوتوں کی حمایت یافتہ جماعتیں سرعام انتخابی سرگرمیاں چلا رہی ہیں جبکہ اینٹی طالبان جماعتوں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کو جان بوجھ کر انتخابات سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن عوام ہمارے ساتھ ہیں ان کے ووٹوں سے 11 مئی کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بینروں کے زور پر نہیں عوام کے زور سے الیکشن میں جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہماری بی ٹیم کہا جا رہا ہے اس کا مطلب ہے کہ ملک میں اے ٹیم پیپلز پارٹی کی ہے۔ میاں نواز شریف عمران خان کا چیلنج قبول نہیں کرتے میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کسی بھی فورم پر آ کر مناظرہ کر لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آئی جے آئی پیسے کے زور پر بنی تھی آج طالبان کے ذریعے آئی جے آئی بنائی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو کو اس قدر زیادہ تھریٹ ہیں کہ پیپلز پارٹی اب کسی بڑے لیڈر کی قربانی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں طالبان کی مدد سے حکومت میں آ کر پاکستان کا حال بھی افغانستان جیسا کرنا چاہتے ہیں جو پیپلز پارٹی کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست کی پیدا وار ہیں کسی ڈکٹیٹر کی پیدا وار نہیں ہیں میاں نواز شریف اور شہباز شریف 10 سال کا معاہد ہ کر کے وطن سے چلے گئے تھے اب کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئی معاہدہ نہیں کیا میں انہیں چیلنج کرتا ہوں داتا دربا آجائیں سچ کا سچ اور جھوٹ کا جھوٹ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے پیپلز پارٹی کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن سے اچھے منصوبے دیئے اگر آج بے نظیر بھٹو کے بجلی کی پیداوار کے حوالے سے منصوبوں کو مکمل ہونے دیا جاتا تو بجلی کا بحران پیدا نہ ہوتا۔رحمن ملک نے کہا کہ صدر زرداری نے پہلے بھی سرپرائز دئیے ہیں آئندہ بھی اپنے سیاسی مخالفین کو حیران کر دیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ چیف جسٹس کو صدر نے انکی تجویز پر بحال کیا تھا انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ حکومت بھی پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔

رحمان ملک

epaper

ای پیپر-دی نیشن