مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے تیر اندازوں کی صفیں بکھر گئیں، سائیکل کے کتے فیل ہو گئے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) انتخابی نتائج عمران خان کی آنکھیں کھول دیں گے۔ زبانی جمع خرچ کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرنے والے گھاٹے میں رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جذبہ خدمت کے سامنے کسی جماعت کی ایک نہیں چلے گی۔ بلے باز انتخابی اننگز میں زیرو پر ہی آﺅٹ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار حمزہ شہباز شریف نے لاہور کے مختلف حلقوں میں انتخابی مہم کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وعدے اور دعوے تو تمام لیڈر کر رہے ہیں مگر پاکستانی عوام اپنے ماضی کے تجربے کی بنیاد پر صرف آزمائے ہوئے قومی رہنما محمد نواز شریف کے سوا کسی پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں کیونکہ نواز شریف کے دو ادھورے ادوار میں عوام ان کے جذبے، ہمت اور خلوص کی جھلک دیکھ چکے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتیں مسلم لیگ ن کی ملک گیر مقبولیت سے اس قدر بوکھلا چکی ہیں کہ بلے باز اپنے ہی ووٹروں کو شیر پر مہر لگانے کی تاکید کر رہے ہیں۔ تیر اندازوں کی صفیں بکھر کر رہ گئی ہیں جبکہ سائیکل کے کتے ایسے فیل ہوئے ہیں کہ سائیکل والوں کو کوئی لفٹ دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ن لیگ اور نواز شریف سے پیار کرتے ہیں عوام کی والہانہ محبت کی وجہ سے ہی ن لیگ کی جلاوطن قیادت وطن واپس آئی اور اب وہ دن دور نہیں جب نواز شریف ملک کے تمام سلگتے مسائل ایک ایک کرکے حل کریں گے اور پاکستان کو اقوام عالم میں اس مقام پر پہنچا دیں گے جس کا خواب قائد و اقبال نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرانوں کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ زرداری ٹولے نے گزشتہ پانچ سال میں قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور اداروں کو کرپشن کی بھٹی میں جھونک دیا۔ ان تمام خرابیوں کو دور کرنے اور ملک کو دوبارہ خوشحال بنانے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہی کامیاب ہو سکتی ہے کیونکہ یہ وہی قیادت ہے جس نے ماضی میں پاکستان میں اقتصادی انقلاب برپا کیا اور یہ وہی قائدین ہیں جو پاکستان کے مسائل کی نوعیت کو دوسرے سب رہنماﺅں سے زیادہ سمجھتے ہیں۔
حمزہ شہباز