لاپتہ افراد پیش نہ کرنے پر عدالت برہم‘ حکم کو مذاق نہ بنایا جائے : سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار) سپریم کورٹ میں اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں سے متعلق کیس کی سماعت، عدالت کا لاپتہ افراد محمد ابراہیم اور ہدایت اﷲ شاہ کو پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی عدالت نے سیکرٹری فاٹا کو لاپتہ افراد اور ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمہ کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو کے پی کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کمشنر سوات عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتی حکم مذاق نہ بنایا جائے۔ لوگوں کو کیوں اٹھایا جارہا ہے خفیہ ادارے خاموشی سے بندوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ دریں اثناءاسلام آباد ہائی کورٹ نے رحیم یار خان سے لاپتہ شہری کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے 8 مئی تک مہلت دیتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر خیبر پی کے کی حکومت کو ان احکامات سے مطلع کریں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تین سال قبل رحیم یار خان سے لاپتہ ہونے والے شہری امیر احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
نگران حکومت، الیکشن کمشن چینلز پر شہباز شریف کی جعلی آواز کا نوٹس لیں: ترجمان مسلم لیگ ن
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ترجمان نے نگران حکومت اور الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی طرف سے ٹی وی چینلز پر جاری کئے گئے محمد شہباز شریف کی جعلی آواز پر مبنی اشتہار کا فوری نوٹس لے اور ذمہ دار افراد کیخلاف جعل سازی کے جرم میں کارروائی کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے پہلے ہی انتخاب ہار چکی ہے اور وہ ایسے جعلی ہتھکنڈوں سے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان نے اعلان کیا کہ ہم اس ضمن میں جعلسازی کے مرتکب تمام افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرینگے اور انہیں ان گھٹیا حرکتوں کی قیمت چکانی پڑیگی۔
ترجمان/مسلم لیگ (ن)