عوامی طاقت کے سامنے کوئی ظالم یا جابر نہیں ٹھہر سکتا: اویس مظفر
کراچی (سالک مجید) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 گھوڑا باڑی ٹھٹھہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سیاسی مخالفین نے کبھی مجھے ڈان کہا کبھی قبضہ مافیا‘ مجھ پر طرح طرح کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے لیکن میں نے ہمیشہ خاموشی اختیار کئے رکھی، اب میں الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں عوام کے درمیان موجود ہوں‘ جھوٹے الزامات لگانے والے خود میدان چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں کیونکہ عوامی طاقت کے سامنے کوئی کتنا ہی بڑا ظالم یا جابر ہو وہ ٹھہر نہیں سکتا۔ نوائے وقت کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں اویس مظفر ٹپی نے کہاکہ میں ٹھٹھہ کا باشندہ ہوں مجھے ٹھٹھہ کے عوام نے بے پناہ محبت اور عزت دی ہے اور میں بھی ہمیشہ ٹھٹھہ کے عوام کی خدمت کروں گا 11 مئی کو عوام شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کےلئے تیر پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے۔ مجھے شہید بی بی کے ساتھ رہ کر سیاسی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا جو میرے لئے ایک اعزاز ہے پاکستان کےلئے جو قربانیاں بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی نے دیں تاریخ میں ان کی مثال نہیں ملتی‘ پیپلز پارٹی رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر پورے ملک کے عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انشاءاللہ 11 مئی کو عوام پیپلز پارٹی کو ہی ووٹ دے کر ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں پاکستان کو لے کر جائیں گے۔
اویس مظفر ٹپی