نیول آپریشنز کیلئے سیفٹی اور آپریشنل تیاری لازم و ملزوم ہیں: نیوی چیف
کراچی (آئی این پی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے کہا ہے نیول آپریشنز کی بہترین انجام دہی کے لئے سیفٹی اور آپریشنل تیاری ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں اور محفوظ رہنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم وقت کے ساتھ ساتھ پید ا ہونے والے خطرات سے پوری طرح آگاہ رہیں، پاک بحر یہ کے سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2012ءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے پاکستان نیوی میں سیفٹی کلچر میں لائی جانے والی مثبت تبدیلی اور بہتری پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیفٹی قوانین کو نظر انداز کرکے قیمتی جانوں اور بیش قیمت سازوسامان کے زیاں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے تربیت پر مامور تمام لوگوں پر زور دیا کہ وہ دوران تربیت اس اہم پہلو پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مید ان عمل کے لئے بہتر تربیت یافتہ اور سیفٹی سے آشنا افراد تیار کئے جاسکیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم ایک ترقی پذیر ملک ہیں اور قوم اپنے وسائل سے ایک خطیر رقم مسلح افواج پر خرچ کرتی ہے۔ قومی سطح پر وسائل کی انتظامی صورتحال سے قطع نظر ہمیں وسائل کی کمی کا سامنا رہے گا لہذا ہم اپنے روز مرہ کے امور میں اس بات کو کبھی فراموش نہ کریں اور کسی بھی طرح کے زیاں اور نقصان سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ ہمیں ہمیشہ نڈر ، تخلیقی سوچ کا حامل اور حقیقت پسند رہنا ہے مگر ساتھ ہی ساتھ نیول آپریشنز کے دوران احتیاط کا دامن تھامے رکھنا ہے۔ ہمارا مقصد ایک محفوظ اور با صلاحیت نیوی ہونا چا ہیے۔ قبل ازیں بحریہ آڈیٹوریم آمد پر کمانڈ ر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں مبارک باد پیش کی۔