• news

پیپلزپارٹی کو الیکشن میں پیچھے دھکیلاتو نتائج اچھے نہیں ہوں گے: امین فہیم

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم محمد امین فہیم نے کہا ہے لبرل سیاسی جماعتوں کے خلاف تشدد اور مار دھاڑ کی کارروائیاں اور بم دھماکے انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہیں۔ اس دھاندلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کو انتخابات میں پیچھے کیا گیا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ ہم نہیں چاہتے بلاول بھٹو زرداری کو بھی ان کی والدہ کی طرح نقصان پہنچے۔ وہ ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ اس لئے ہم انہیں باہر نہیں نکلنے دے رہے۔ ہم پارٹی کے کارکنان، عہدےداران اور امیدواران پارٹی مہم چلا رہے ہیں، ہم جلسے کرکے لوگوں کو مروانا نہیں چاہتے۔ وہ جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا حالات کو جواز بنا کر انتخابات کو ملتوی کیا گیا تو یہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا بہانہ ہوگا اور یہ بات ہمیں قابل قبول نہیں ہوگی۔ میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بیان کی تعریف کرتا ہوں انہوں نے جمہوریت اور پاکستان کے حق میں بات کی۔ انتخابی نتائج کو مسترد کرنے سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔ ہماری پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں اور ہم پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ لبرل سیاسی جماعتوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کون کررہا ہے، اس کا تعین نگران حکومت اور ان خفیہ اداروں کو کرنا ہے، جو ملک کی سیکورٹی کے ذمہ دار ہیں۔ پہلے یہ پرتشدد کارروائیاں خیبر پی کے اور ملک کے بالائی حصوں میں ہوتی تھیں۔ اب یہ کراچی، حیدرآباد اور ٹنڈوآدم تک شروع ہوگئی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن