• news

کسی کو عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے‘ نگران حکومت کی مدت میں توسیع قبول نہیں ‘11 مئی کو پرامن‘ شفاف الیکشن ہوں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو نے عام انتخابات گیارہ مئی کو پر امن، آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارنہ انداز میںکرانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام نگران حکومت کی اہم ترجیح ہے، کسی کو عوام کی جان و مال سے کھیلنے اور امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، شفاف انتخابات کیلئے نگران حکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے ¾ انتخابات کے بعد نگران حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کو بغیر کسی تاخیر کے اقتدار منتقل کر دےگی، ہم کسی قیمت پر اور کسی صورت میں نگران حکومت کی مدت میں توسیع قبول نہیں کریں گے، بلوچستان، خیبر پی کے اور کراچی میں دہشت گردی قابل مذمت ہے، امن و امان کا قیام آئینی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے مسلسل رابطے میں ہوں، بلوچستان سے نگران وزیراعظم کی تقرری کے دوررس اثرات مُرتب ہوں گے ¾ آزاد اور غیر جانبدار الیکشن کمشن انتخابی عمل کے دوران کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں علمائ، باشعور عوام اور میڈیا سے بھرپور کردار کی توقع رکھتا ہوں۔ ریڈیو اور ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں کہ اس نے مجھے ملک و قوم کی خدمت کا موقع دیا اور دعا گو ہوںکہ نگران حکومت کو ملک میں عام انتخابات کی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ اس میں سرخرو ہو۔ میں نے پاکستان میں مختلف ادوار میں حالات کے اتار چڑھاﺅ دیکھے ہیں، آزادی اور قیام پاکستان کی تحریک کو قریب سے دیکھا ہے۔ پاکستان کا قیام بر صغیر کے مسلمانوں کی جمہوری اور آئینی جدو جہد کا ثمر ہے۔ اس کی کامیابی کا سہرا بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سر ہے۔ میں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ان کی بصیرت، بے لوث قیادت، انتھک محنت اوربے مثال قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ہی حکیم الاُمت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور ہمیں آزادی نصیب ہوئی مگر آزادی کے فوراً بعد پاکستان مسائل میں گھر گیا۔ پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کو شہید کر دیا گیا، جمہوریت کو پٹری سے اتار دیا گیا، سقوط ڈھاکہ کے کرب سے ہم سب کو گزرنا پڑا۔ ہمارے تہذیب و تمدن کی بنیاد صوفیا، اولیا کرام اور بر گزیدہ ہستیوں کی تعلیمات پر مبنی ہے۔ انہوں نے امن، محبت ، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دے کر لوگوں کے دل موہ لئے۔ تمام صوفیاءکرام بشمول بابا فرید، رحمن بابا، شاہ عبداللطیف بھٹائی اور خرواری بابا کا بھی یہی پیغام ہے۔ میں آپ کے سامنے ایک ایسے اہم موڑ پر حاضر ہو رہا ہوں جب کے عوام عام انتخابات میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے جا رہے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ عام انتخابات پُرامن، آزادانہ، منصفانہ، شفاف اورغیرجانبدارنہ انداز میں انشاءاللہ 11 مئی کو گے۔ یہی الیکشن کمشن اور نگران حکومت کا آئینی مینڈیٹ ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے نگران حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے انتخابات کے مکمل ہونے کے بعد نگران حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کو بغیر کسی تاخیر کے اقتدار منتقِل کر دے گی۔ ہم کسی قیمت پر اور کسی صورت میں نگران حکومت کی مدت میں توسیع کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کے ذریعے رائے کا اظہار ہر پاکستانی ووٹر کا حق ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ ووٹر اپنی مرضی اور پسند کے مطابق آزادی کے ساتھ اپنے ووٹ کا استعمال کر سکے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ووٹ کا تقدس برقرار رکھا جائے۔ میں نے تمام سرکاری اداروں اور ملازمین کو ہِدایات جاری کی ہیں کہ وہ مکمل غیرجانبداری سے کام سرانجام دیں۔ ملک میں امن و امان کا قیام نگران حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ ہم کسی کو عوام کی جان و مال سے کھیلنے اور امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بلوچستان ، خیبر پی کے اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں اور بے گناہ لوگ شہید ہوئے۔ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اگرچہ امن و امان کا قیام آئینی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے تاہم میں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے مسلسل رابطے میں ہوں تاکہ انتخابی عمل پر امن رہے۔ حکومت نے انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کی تعےناتی اور کوئیک ایکشن فورس کے دستے تیار کئے ہیں جو ضرورت پڑنے پر فوراً مدد کو پہنچیںگے۔ حکومت نے و زارت ِداخلہ میں خصوصی سیل قائم کیا ہے یہ سیل خفیہ معلومات اکٹھی کر کے صوبائی حکومتوں اور قانون نافد کرنے واے اداروں کو فراہم کرے گا، ضرورت پیش آنے پرسیل بروقت کارروائی کرنے کے فیصلے کا مجاز ہو گا۔ حَساس پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے اور ان کی مانیٹرنگ کو م¶ثر بنانے کےلئے تمام وسائل کا بھرپور استعمال کےا جائے گا۔ انتخابات میں صرف چند روز باقی ہےں ۔ الیکشن کمشن کی نگرانی میں 11 مئی کو عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آزاد اور غیرجانبدار الیکشن کمیشن انتخابی عمل کے دوران کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کو انتخابات کے اِنعقاد کے حوالہ سے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہےں تاکہ یہ عمل خوش اسلوبی سے مکمل کر لےا جائے۔ میں سمجھتا ہوں کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کی تقرری کے دور رس اثرات مُرتب ہوں گے۔ امید ہے اس کے نتیجے میں بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد ملے گی اور قومی یک جہتی کو فَروغ حاصل ہو گا۔ میں نے حال ہی میں بلوچستان کا دورہ کیا اور مجھے خوشی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔ میں نے صوبہ سندھ کا بھی دورہ کیا اور امن و امان اور سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا تاکہ صوبہ سندھ عموماً اور کراچی میں خصوصاً انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبہ بلوچستان اور سندھ کے علاوہ صوبہ پنجاب اور خیبر پی کے میں بھی الیکشن کی سر گرمیاں جاری ہیں۔ نگران حکومت عوام کے مسائل سے غافل نہیں۔ مجھے ملک کے مختلف حصوں میں خسرہ کی وبا پھوٹنے سے بچوں کی ہلاکتوں پر انتہائی تشویش ہے، میں نے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے، میں نے ہدایت کی ہے کہ چاروں صوبوں سے ہنگامی بنیادوں پر مشاورت کریں تاکہ اس بات کا تَعیُن کیا جا سکے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس وبا پر قابو پانے کے لئے کیا کر سکتی ہے۔ ہمارے فیصلوں کے نتیجے میں انشاءاللہ ہم خَسرہ، پولیو اور دیگر وباﺅں پر قابو پا لیں گے۔ عوام کو لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا ہے مجھے اس کا پورا احساس ہے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ اس کی وجہ بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ اور رسد میں کمی ہے ہمےں ےہ بحران ورثے مےں ملا ہے۔ مےں نے اس مسئلہ کو ہنگامی بنےادوں پر حل کرنے کےلئے وزارت خزانہ کو حکم دے دےا ہے کہ وہ 45 ارب روپے جاری کرے تاکہ بجلی گھروں کو اےندھن مہےا کی جا سکے اور اُن سے زےادہ سے زےادہ پےداوار حاصل کر کے صورتحال کو بہتر بناےا جا سکے۔ میں نے وزارت پانی و بجلی کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ 10 مئی کی شام سے 36 گھنٹوں کے لئے پورے ملک میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ عام آدمی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے اور انتحابی نتائج کو جلد از جلد مرتب کیا جا سکے۔ میں نے وزارت خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ بجٹ حقیقت پسندانہ ہو، اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھا جائے، سادگی اختیار کی جائے اور قوم کے وسائل کا بہترین استعمال کیا جائے۔ بجٹ میں کسی شاہانہ یا غیر ضروری اخراجات کی گنجائش نہ رکھی جائے، عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے اور عام آدمی پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔ میں پرامید ہوں کہ ہم بہتر انتظامی اقدامات اور مالیاتی ڈسپلن کے ذریعے آنے والی منتخب حکومت کو بہتر معیشت دے کر جائیں گے۔ میں تمام سیاسی جماعتوںکے رہنماﺅں اور کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں پاکستان کی تاریخ میںموجودہ انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ منتخب حکومت ہی مسائل کو حل کر سکتی ہے۔ میں تمام سیاسی جماعتوں، علما، باشعور عوام اور میڈیا سے توقُع رکھتا ہوں کہ وہ بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ ہم اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہو سکیں۔ پاکستان میں عام انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں ہیں۔ غیر ممالک سے مبصرین اور تجزیہ نگار الیکشن 2013ءکے موقع پر وطن عزیز میں موجود ہوں گے۔ ہمیں اپنے اتحاد اور طرز عمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم جمہوریت پسند اور زندہ قوم ہیں۔ ہم نے اقوام عالم کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ذمہ دار اور باشعور قوم ہیں جو شاندار تہذیبی اور مذہبی روایات کی امین ہے۔ امریکی صدر ابراہام لنکن نے جمہوریت کی کیا اچھی تعریف کی ہے ”عوام کی حکومت، عوام سے، عوام کےلئے“۔ اس لئے میں آپ سے پر زور اپیل کرتا ہوں کہ 11 مئی کو آپ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں، اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ ملک کو مستحکم بنیادوں پر استوار کر کے اس کی ترقی میں تیزی لائی جا سکے۔ اس طرح ہم بانیءپاکستان کے خواب کی تکمیل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئیے یہ عہد کریں کہ ہم قائداعظم کے زریں اصول اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ میرا یہ ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور اس قوم کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، شاندار مستقبل ہمارا منتظر ہے۔ آیئے ہم اپنے مستقبل کوتابناک بنائیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں وہ ہماری مدد اور رہنمائی فرمائے، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

ای پیپر-دی نیشن