نوجوان میں جذبہ ہے‘ انقلاب ہم لائیں گے‘ کچھ لینے کے لئے ووٹ دینا پڑے گا: نوازشریف
ملتان + کوٹ ادو (وقائع نگار + نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت حکومت میں آ کر نوجوانوں کو باعزت روزگار اور قرضے فراہم کرے گی۔ ملتان کو موٹر وے کے ذریعے ملک بھر سے منسلک کیا جائے گا اور اس شہر کو لاہور کے برابر ترقی یافتہ بنایا جائے گا جبکہ 10 ارب ڈالر کی لاگت سے کراچی تا پشاور بلٹ ٹرین چلائی جائے گی اور پنجاب میں میٹرو بس کا اگلا منصوبہ ملتان میں شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ وعدے جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ نواز شریف نے کہا پاور لومز کی صنعت کو ترقی دے کر نیا شہر بسایا جائے گا اور اگر اللہ نے موقع دیا اسلام آباد کی بجائے ملتان آ کر عوام اور ملتانیوں کی خدمت کروں گا۔ آج بوڑھے بھی جوان ہو گئے ہیں یہ دوسرے لوگ کن جوانوں کی بات کرتے ہیں، سارا ملتان جوان ہو گیا ہے میں اس بات کا اعتراف کرنا چاہتا ہوں کہ ایسا جوش ولولہ میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ جتنا پیار ملتان مجھے دے ر ہا ہے یہ میرے دل پر نقش ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سیاسی میدان کرکٹ کے میدان میں لگا ہے۔ میں پیپز پارٹی والوں کو کہتا ہوں کہ کچھ تو اس قوم کی خدمت کی ہوتی آج تمہاری کمپین صرف ٹی وی پر چل رہی ہے کس منہ سے عوام کے پاس جاﺅ گے یہ قوم آج 18 اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ برداشت کر رہی ہے۔ عوام کو زندہ مارنے والی بات ہے۔ بھارت کے مقابلے میں چھ دھماکے کئے۔ میٹرو بس منصوبے کے لئے اگلا شہر ملتان ہونا چاہئے۔ ہم فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے پہلے دن سے کام شروع کر دیں گے آپ کو پتہ چل جائے گا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صحیح راستے پر چل رہی ہے۔ ٹرانسپرنٹ حکومت ہو گی کرپشن کا ایک بھی سکینڈل نہیں ہو گا۔ نوجوانوں میں انقلاب کا جذبہ ہے اور یہ انقلاب ہم لائیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ واقعتاً اگر یہ جوش ہے تو اللہ نے بھی اس ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔ کوٹ ادو میں جلسہ سے خطاب میں نواز شریف نے کہا ہے کہ گیارہ مئی کو شیر دھاڑے گا عوام کو کچھ لینے کیلئے ووٹ دینا پڑے گا، شیر شیر ہوتا ہے اس کے آگے کوئی نہیں ٹھہرتا نوجوان تیاری کر لیں 11 مئی کو ان کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ تمام برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ دینگے۔ ملک سے اندھیرے ختم کریں گے۔ ووٹ لینے کے لئے نوجوانوں کو جھانسہ نہیں دیں گے۔ ہمیں ملک سے باہر بھجوانے والے آج خود اندر ہیں قوم کا اور میرا قیمتی وقت ضائع کر دیا گیا قوم میرے ساتھ قسم کھائے کہ ملک کو سنواریں گے۔ وفود سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آ کر پولیس قوانین پر نظرثانی اور تھانہ کلچر کی اصلاح کرے گی۔ پولیس کو غیر سیاسی، فرض شناس اور قانون نافذ کرنے والی قوت میں تبدیل کریں گے۔ پولیس میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔