نگران حکومتیں امن قائم رکھنے میں ناکام ہو گئیں، لاہور ہائیکورٹ بار کی قرارداد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاﺅس میں منظور کی گئی قرارداد میں 11 مئی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے التوا کی تمام کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نگران حکومتیں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار نگران حکومت سے اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے پوری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق بالخصوص لبرل، روشن خیال اور سیکولر سیاسی جماعتوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ اجلاس میں ایف آئی اے کے پبلک پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ کے بہیمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے وکلاءبرادری کی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے اور امن و امان کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ اجلاس عابد ساقی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پنجاب کے اجتماعی شعور کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبہ سندھ، خبیر پی کے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں، کارکنوں اور عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔ اس موقع پر ایم بلیغ الزمان چوہدری، ملک سعید حسن ، منظور گیلانی، اللہ بخش گوندل ، اعظم نذیر تارڑ، شہرام سرور چوہدری ،جہانگیر اے جھوجہ، انور گھمن ، احسان وائیں اور احمد اویس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومتیں اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔
قرارداد منظور