• news
  • image

سربجیت نے جیل میں قیدیوں سے اشتعال انگیز گفتگو کی تھی: ذرائع

اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ نے سزائے موت کے ان قیدیوں کو جنہوں نے اس پر حملہ کیا تھا سے اشتعال انگیز گفتگو کی تھی۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ سربجیت سنگھ نے حملہ آوروں کو پنجابی میں کہا تھا: ”سانوں چھڑان لئی عدالتی کمشن آ رہیا اے‘ اساں رہا ہو کے چلے جاناں اے‘ تسی ایتھے ہی سڑدے رہو گے“ سربجیت کی اس گفتگو کے بعد سزائے موت کے منتظر قیدیوں اور اس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر دوسرے قیدیوں نے اس پر حملہ کیا۔ ان ذرائع کے مطابق اس نے پاکستان کو بھی برا بھلا کہا تھا۔ سربجیت کی ابتدائی رپورٹ جو نگران حکومت کو بھیجی گئی ہے اس میں اس واقعہ کا بھی تذکرہ ہے۔ سربجیت پر حملہ کے بعد بھارت نے پورا زور لگایا کہ سربجیت کو بھارت یا کسی تیسرے ملک میں علاج کے لئے بھیجا جائے لیکن حکومت نے سربجیت کوعلاج کی بہترین سہولتیں میسر ہونے کے بعد بھارت کا یہ مطالبہ پورا نہیں کیا۔ پاکستان کی طرف سے تعاون و فراخدلی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود بھارتی میڈیا میں یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ سربجیت سنگھ کو پاکستان انٹیلی جنس ایجنسیوں سے قتل کرایا ہے۔
سربجیت / گفتگو

epaper

ای پیپر-دی نیشن