پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن منایا گیا
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعہ کوآزادی صحافت کا دن منایا گیا۔ دنیا کی 42 فیصد آبادی کو اظہار رائے کا حق حاصل نہیں۔ 3 مئی 1993ءکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فیصلے کے بعد ہر سال دنیا بھر میں پریس فریڈم ڈے یعنی آزادی صحافت کا دن منایا جاتا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ آزادیِ اطلاعات بنیادی انسانی حق ہونے کے ساتھ ساتھ تمام آزادیوں کی کسوٹی ہے۔ ادھر صحافیوں کے تحفظ کے عالمی ادارے نے صحافیوں کے لئے بارہ خطرناک ترین ممالک کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔کمیٹی ٹو پروٹیکیکٹ جرنلسٹس کی جانب سے تازہ رپورٹ کے مطابق صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں عراق گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سر فہرست ہے۔تاہم سی پی جے کے مطابق پاکستان گذشتہ سال اسی فہرست میں دسویں نمبر پر تھا۔ رپورٹ میں بتایا ہے کہ نائجیریا اور برازیل پہلی بار ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں جہاں صحافیوں پر تشدد کے سب سے زیادہ واقعات ہوتے ہیں اور ان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں بھی نہیں لایا جاتا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراق دو ہزار تین کے امریکی تسلط کے بعد سے لے کر اب تک صحافیوں کے لیے مہلک ترین ملک رہا ہے۔ اس فہرست میں افغانستان، کولمبیا، میکسیکو اور سری لنکا کافی عرصے سے موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کولمبیا نے صحافیوں کے قتل کے مقدمات میں تفتیش مکمل کرنے یا مجرمان کو گرفتار کرنے میں تھوڑی سی پیشرفت کی ہے لیکن افغانستان، سری لنکا اور میکسیکو اس معاملے بالکل ناکام رہے ہیں۔صحافیوں کے تحفظ کے ادارے کے مطابق اس ناکامی کی وجہ سے دیگر مسائل جنم لیتے ہیں جن میں خود ساختہ قدغنیں بھی شامل ہیں۔
صحافیوں کا دن