• news

خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کا یوم وفات ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، جلسے، تقریبات منعقد ہوئیں

لاہور + ننکانہ (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) لاہور سمیت ملک بھر میں یوم صدیق اکبرؓ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں اور علماءحضرات نے جمعہ خطبات میں خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبرؓ کی دین اسلام کے لئے خدمات اور سیرت کے ہر پہلو پر روشنی ڈالی ان کا کہنا تھا حکمران خلفائے راشدین کا طرز حکمرانی اپنالیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں جھکا نہیں سکتی، سیدنا ابوبکر صدیقؓ نے اسلام کی آبیاری ‘ فروغ اور ترویج میںاہم کردار اداکیا۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کا دور حکومت تاریخ میں ایک مثالی دور کہلاتا ہے۔ مولانا محب النبی، قاری ثناءاللہ،مولانا نعیم الدین ،قاری مقبول الرحمن ،قاری عبد الغفار ،حافظ عبد الودود شاہد، ڈاکٹر عبد الواحد قریشی ،مفتی عزیز الرحمن، مفتی سیف اللہ، قاری نذیر احمد ،حافظ نصیر احمد احرار، حافظ اشرف گجر، مولانا شبیر احمد عثمانی ،قاری مشتاق احمد اور دیگر نے کہا ملک میں حقیقی احتساب خلافت راشدہ کے نظام کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ قومی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، ملتان، اوکاڑہ، شیخوپورہ سمیت ملک بھر میں حضرت ابوبکر صدیقؓ کی شان میں کانفرنسیں، سیمینار، کنونشنز اور دیگر تقاریب منعقد ہوئیں۔ مولانا عبدالرﺅف فاروقی، مولانا فضل الرحیم اشرفی، حافظ اسعد عبید، پیر سیف اللہ خالد، مولانا اجمل قادری، مولانا عبدالشکور حقانی، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا فہیم الحسن تھانوی، شمس الرحمن معاویہ، اسد اللہ فاروق، عبدالجبار سلفی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور دیگر علماءنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کی روشن زندگی ایثار و قربانی اور سنہرے کارنامے قیامت تک آنے والے حکمرانوں اور مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ عالمگیری بادشاہی مسجد میں مولانا عبدالخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد کی زیر ٍصدارت سالانہ سیدنا ابو بکر صدیقؓ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میںڈاکٹر مظہر معین‘ حافظ طاہر محمود اشرفی، حافظ عبد الرزاق، مولانا مفتی مبشراحمد، علامہ محمد ممتاز اعوان ، پرو فیسر عبد الحمید ‘ محمد شفیق قادری، مولانا عباس عابدی اورمولانا مفتی سیف اللہ خالدنے امیر المومنین حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کی اسلام کیلئے خدمات اور کارناموں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اشاعت اسلام کیلئے سیدنا صدیق اکبرؓ کی بے مثال جدوجہد اور لازوال قربانیاں فقید المثال ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ادھر ننکانہ میں بھی خلیفہ اول ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات پر سرکاری تعطیل نہ ہونے پر اہلسنت والجماعت ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام بعداز نماز جمعہ چوک ابوبکر صدیق ہاﺅسنگ کالونی ننکانہ صاحب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بیری والا چوک ننکانہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔ ریلی کی قیادت اہلسنت والجماعت ضلع ننکانہ صاحب کے صدر مولانا کلیم اللہ معاویہ کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن