الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، کراچی میں نو گو ایریاز موجود ہیں: منور حسن
کراچی (اے پی پی) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ کراچی میں آزادانہ غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمشن اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔ نگران حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ الیکشن ناگزیر ہیں اور الیکشن کسی صورت میں بھی ملتوی نہیں ہونے چاہئیں۔ شہر میں نو گو ایریاز موجود ہیں انہیں ختم کرائے بغیر آزادانہ اور شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کراچی میں اے این پی کے امیدوار کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ہر امیدوار کو یہ حق ہونا چاہئے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنی انتخابی مہم چلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ہمارے کارکنوں کو مارا پیٹا اور اغوا و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرز پھاڑے جا رہے ہیں، جھنڈے اور انتخابی دفاتر جلائے جا رہے ہیں، دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی لیکن ہم پرعزم اور انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 17 جماعتوں نے فوج لگانے کا مطالبہ کیا ہے ا ور اس بات پر زور دیا ہے کہ کراچی کے ہر پولنگ بوتھ پر فوجی جوان تعینات کئے جائیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس حوالے سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔
منور حسن