تاجروں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، ان سے کوئی زیادتی برداشت نہیں کیجائے گی: پرویز الٰہی
گجرات (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجر بھائی ہمارے بازو ہیں، تاجر برادری نے ہمیشہ ہمارا اور ہم نے ان کا ساتھ دیا ہے، آئندہ بھی ان سے کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ ریلوے روڈ پر انجمن تاجران کے زیر اہتمام اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس سے حلقہ پی پی 111 کے امیدوار سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم تاجر برادری کے دلی طور پر ممنون ہیں جنہوں نے کبھی ہمارا ساتھ نہیں چھوڑا، مسلم لیگ (ق) ان کے اس رویہ اور جذبہ کی قدر کرتی ہے، ہم نے بھی ان کے مسائل کے حل کیلئے کبھی کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا، حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہمارے دروازے ہمیشہ ان کیلئے کھلے رہے، ہم دل کی گہرائیوں سے ان کا احترام کرتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ق) کا پرچم سربلند رکھنے کی کوشش کی ۔گجرات کے ضمنی الیکشن میں بھی تاجر برادری کی بدولت ہی ہمارے امیدوار میاں عمران مسعود نے واضح برتری حاصل کی تھی ہم نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران تاجروں، چھوٹے دکانداروں اور ہر شعبہ حیات باالخصوص غریب اور عام آدمی کیلئے جو کچھ کیا وہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طرح ہماری پارٹی کے امیدوار بھی تاجروں اور عوام کے ساتھ مخلص ہیں اور ہم آئندہ بھی پلاننگ کے تحت عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے اور ماضی کی طرح ریکارڈ اور مثالی منصوبے دیں گے۔