• news

لبرل سیاسی جماعتوں نے ملک کو امریکی جہنم میں پھینکا: مولانا سمیع الحق

جھنگ (نامہ نگار+ آئی این پی ) متحدہ دینی محاذ اور جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے لبرل سیاسی جماعتوں نے ملک کو امریکی جہنم میں پھینک کر پوری قوم کو تباہی کی طرف دھکیل دیا، صرف کانٹے ہی کانٹے بوتے رہے، آج وہ چبھ رہے ہیں تو تلملا اٹھے ہیں، جو بویا وہی کاٹنا پڑے گا، دائیں بازو کے دعویدار نواز شریف انتخابات میں دینی جماعتوں سے آخر تک کتراتے رہے، وہ بھی مغربی اقوام کو ناراض نہیں کرنا چاہتے، بیرونی دباﺅ کی وجہ سے انتخابی اتحاد سے گریز کرتے رہے، عمران خان طالبان کے ہمدرد بن کر مغربی روشن خیالی اور لبرل ازم کا ٹائٹل برقرار رکھنا چاہتے ہیں، دو کشتیوں کی سواری ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے۔ وہ یہاں این اے 89 کے لئے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا احمد لدھیانوی کے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اسے انتخابی تاریخ کا بڑا جلسہ کہا جا سکتا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا دینی محاذ نے فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے بلند ہوکر مختلف طبقوں کو قومی دھارے میں شامل کردیا ہے۔ جلسہ سے محمد احمد لدھیانوی ‘ مولانا حبیب الرحمان درخواستی اور بھیرہ شریف سیال شریف‘ سلطان باہواور اہم خانقاہوں کے مشائخ نے بھی خطاب کیا۔ تحریک تحفظ پاکستان جو متحدہ دینی محاذ کی انتخابی اتحادی ہے‘ اسکے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ جلسے سے انصار الامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے بھی خطاب کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن